|

وقتِ اشاعت :   October 6 – 2025

کوئٹہ:  سمندری طوفان کے اثرات بلوچستان تک پہنچ گئے کوئٹہ مٹی کے طوفان کی لپیٹ میں آگیا وادی میں 24 گھنٹوں سے فضا شدید گرد آلود حد نگاہ بھی کم ہوگئی خشک اور گرد آلود ہواوں سے شہری پریشان، موسم بھی اچانک سرد ہوگیاسمندری طوفان شکتی کوئٹہ سمیت وسطی بلوچستان کے علاقوں میں مٹی کے طوفان کی وجہ قراردیا جارہا ہے ماہر موسمیات محمد افضل نے کہا ہے کہ شکتی سائیکلون کے باعث ہواوں کا رخ سمندر کی جانب ہوگیا ہے،

کوئٹہ، قندھار سے اٹھنے والا گرد و غبار وسطی بلوچستان تک پھیلا ہوا ہے، آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران موسم بہتر ہونا شروع ہوجائے گا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں سردی کی شدت میں اچانک اضافہ ہوگیا گزشتہ روز وادی کوئٹہ میں گرد آلود ہوا اور مٹی اڑنے سے موسم کی شدت میں فرق پڑنے سے درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا سردی کی شدت میں اچانک اضافے اور سردی کی لہر آنے سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں سریاب، غوث آباد، سیٹلائٹ ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہریوں کو کھانا بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے

یاد رہے کہ گزشتہ ایک سال سے صو بائی دارالحکومت کوئٹہ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے رات کو ساڑھے 9 سے صبح 6 بجے تک گیس کی لوڈ شیڈنگ شروع کر رکھی ہے جس کی وجہ سے شہریوں اور خصوصاً خواتین کو امور خانہ داری میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت گیس کمپنی کو سردی کی لہر آنے اور اس میں اضافے کے بعد گیس حکام کو گیس پریشر کو دور کرکے بلا تعطل چوبیس گھنٹے گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا پابند بنایا جائے۔