|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2025

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اورکزئی آپریشن میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔

شہداء نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور دیگر شہداء نے وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جانیں قربان کر کے بہادری اور جرات کی نئی مثال قائم کی۔

پوری قوم ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔ ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پاک فوج کے عزم اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قوم اپنے شہداء کے مشن کو ہمیشہ زندہ رکھے گی اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔