|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2025

کوئٹہ:  ناقص گوشت کے تدارک کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی خصوصی مہم جاری ہے۔ مہم کے دوسرے روز کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں نواں کلی، علمدار روڈ، خدائیداد چوک، کاسی روڈ، جوائنٹ روڈ اور ارباب کرم خان روڈ میں پولٹری شاپس اور میٹ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی جس کے دوران مجموعی طور پر 61 دکانوں کی انسپیکشن عمل میں لائی گئی۔

انسپیکشن کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی، غیر معیاری اور غیر صحت بخش حالات میں گوشت ذخیرہ کرنے کے باعث 18 پولٹری شاپس مالکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قصابوں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ اس موقع پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے تمام دکانداروں کو اتھارٹی کی وضع کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم نے کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ مہم کا مقصد نہ صرف گوشت کے معیار میں بہتری لانا ہے بلکہ میٹ شاپس مالکان میں حفظانِ صحت کے اصولوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بھر میں گوشت کا استعمال بہت زیادہ ہے، اس لیے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ناقص گوشت کی فراہمی کے خلاف اقدامات ناگزیر ہیں۔

ڈی جی بی ایف اے نے مزید کہا کہ دکانوں میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات عوام کی صحت کے لیے خطرہ ہیں، اس لیے بی ایف اے کی ٹیمیں نہ صرف چیکنگ کر رہی ہیں بلکہ قصابوں اور دکانداروں کو آگاہی بھی فراہم کر رہی ہیں۔ قصابوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گوشت صاف ستھری جگہوں پر رکھیں، کٹنگ اوزاروں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں اور دستانے و ایپرن کے استعمال کو یقینی بنائیں۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ناقص یا باسی گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کی شکایات بی ایف اے ہیلپ لائن4664507-0333 یا اتھارٹی کے سوشل میڈیا ہینڈلز پر درج کرائیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔