|

وقتِ اشاعت :   October 13 – 2025

وزیر دفاع خواجہ آصف نے ملک میں مذہب کے نام پر جتھے بنانے اور سڑکیں بند کرکے عوام کو یرغمال بنانے کے عمل کو توہین مذہب قرار دے دیا۔

وزیر دفاع نے مذہبی جماعت کے احتجاج کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وطن عزیز میں مذہب کے نام پر مسلح جتھے بنانا، سڑکیں بند کرکے عوام کو یرغمال بنانا توہین مذہب ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2 سال غزہ میں ظلم اور خون کی ہولی کھیلی گئی، کسی کو احتجاج یاد نہ آیا، جب وہاں جنگ بندی ہو گئی تو احتجاج شروع ہو گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ وقت آگیا ہےکہ معاشرے کو یرغمال بنانا، مذہب کے نام پر تشدد کاسبق پڑھانا بند ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہمارا دین، قرآن و سنت سب بھائی چارے، پیار محبت کے پیامبر ہیں، نفرتیں اور تقسیم ختم کریں، دنیا و آخرت سنواریں۔