|

وقتِ اشاعت :   November 5 – 2025

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ 27آئینی ترمیم عدلیہ کی آزادی، توقیر، تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی

جمہوریت کا راگ الاپنے والی بڑی پارٹیاں جس طرح 26ویں آئینی ترمیم اور اب 27ویں آئینی ترمیم میں بلواسطہ یا بلاواسطہ حصہ بن رہی ہیں ان کا تعلق بلوچستان سے ہو یا کہ ملکی بڑی پارٹیوں سے ہو ان کو تاریخ معاف نہیں کرے گی اور وہ آئندہ نسلوں کے مجرم ثابت ہوں گے نام نہاد جمہوری دور حکومت کے فارم 47کے حکمران جمہوری اداروں اور عدلیہ کو مکمل طور پر بے بس کرنے تلے ہیں 18ویں ترمیم کے تحت این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کو ملنے والے فنڈز، اہم محکموں کو مراکز کو حوالے کرنا آئین کے روح کے خلاف ایک قدم ہے بی این پی ایسی ترامیم کو مسترد کرتی ہے بیان میں کہا گیا ہے

کہ پارٹی نے 26ویں آئینی ترمیم کے دوران اپنی ہی سینٹرز کو پارٹی پالیسی کے برخلاف ووٹ کاسٹ کرنے پر برطرف کر کے ثابت کیا کہ جمہوری و سیاسی پارٹیاں آئین و قانون کی بالادستی پر مصلحت پسندی کا شکار نہیں ہوتیں بی این پی کے مرکزی بیان میں مزید کہا گیا کہ ایک بار پھر حکمران 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے جو ترامیم کرنے جا رہی ہیں وہ عدلیہ پر مکمل دسترس کے حصول کیلئے ہے

ملکی سطح پر جن جماعتوں نے ہمیشہ جمہوریت کے چیمپئن بننے کے دعوے کئے اور کر رہے ہیں وہ اور بلوچستان سے جو جماعتیں اس ترمیم کی حمایت کرے گی تاریخ انہیں معاف نہیں کرے گی

حکمران دراصل اپنی نااہل حکمرانی کو دوام دینے کی خاطر عدلیہ کی آزادی توقیر پر شب خون مارنے سے اجتناب نہیں کر رہے ہیں انصاف کے حصول پر مصلحت پسندی کرتے ہوئے حکمران اسے اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کی خاطر استعمال کرتے ہیں اور ظلم و زیادتیوں، ناانصافیوں، انسانی حقوق کی پامالیاں کی جاتی ہیں تو تاریخ گواہ ہے کہ ایسی معاشرے تباہ ہو جاتے ہیں اکیسویں صدی میں ناروا ترامیم کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکا جا سکتا

یقینا موجودہ ترامیم کے ذریعے جمہوری اداروں کے خلاف مجرمانہ رویہ روا رکھا جاتا ہے تو تاریخ میں ایسی پارٹیاں جو دو طرفہ کھیل کھیلنا چاہتی ہیں وہ بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہوں گے

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے جمہوری، ترقی پسند، روشن خیال عوام، انسانی حقوق کی تنظیمیں، وکلاء سمیت ہر طبقہ فکر کی ذمہ داری ہے کہ ایسے آمرانہ، ناروا غیر جمہوری ترامیم کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اورترمیم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوں بی این پی سردار اختر جان مینگل کی قیادت میں بلوچستانی کی قومی جمہوری جماعت ہونے کے ناطے این ایف سی ایوارڈ، عدلیہ و انسانی حقوق کے خلاف ہو گی اسے مسترد کرتی ہے۔