کوئٹہ ; پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے سابق ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عالم خان کاکڑ نے کہا ہے کہ 7 نومبر بروز جمعہ کوئٹہ کے ہاکی گرانڈ میں تحریک انصاف کا تاریخی جلسہ ہر صورت میں منعقد ہوگاجس میں کسی بھی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا،
پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن میں شامل جماعتیں کسی بھی صورت 27ویں آئینی ترمیم کو منظور نہیں ہونے دیں گی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عالم خان کاکڑ نے کہا کہ تحریک انصاف آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور جلسے کے لیے تمام قانونی تقاضے مکمل کیے جا چکے ہیں ڈپٹی کمشنر کو باقاعدہ درخواست، اجلاسوں میں وضاحت اور آخرکار ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا جہاں سے عدالت نے جلسے کی تاریخ اور مقام کی باقاعدہ منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی پیداوار مسلط حکومت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے این او سی دینے سے انکار اور غیر ضروری تاخیر دراصل عوامی طاقت اور عمران خان کی مقبولیت کے خوف کا نتیجہ ہے جب عدالت نے توہین عدالت کا نوٹس دیا تو حکومت نے امن و امان کا بہانہ بنا کر اپنی نااہلی چھپانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے نہ کہ عوامی اجتماعات روکنے کا جوازپیدا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہوچکا ہے اس لیے کسی بھی جماعت کے جلسے کو روکنا قانون شکنی اور آئینی حقوق پر حملہ ہے۔عالم خان کاکڑ نے کہاکہ 7نومبر کا جلسہ ہرحال میں ہوگا عوام کے سیلاب کو حکومت نہیں روک سکتی کوئٹہ کا یہ اجتماع قوم کی بیداری کی علامت بنے گا اور ظلم و جبر کے اندھیروں میں روشنی کی کرن ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم عمران خان کی غیرمشروط رہائی، انصاف کی بحالی اور آئین کی بالادستی کے لیے متحد ہے عمران خان پر جھوٹے مقدمات اور پارٹی رہنماں سے ملاقاتوں پر پابندیاں کسی صورت قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ وقت سمجھوتے کا نہیں جدوجہد کا ہے ہم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں اور حق کی آواز کو دبانے والا ہر حربہ ناکام ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم سے ملک کی بنیادیں ہل جائیں جس کی پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن میں شامل جماعتیں کسی بھی صورت اجازت نہیں دیں گی