|

وقتِ اشاعت :   November 8 – 2025

وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے اصولی موقوف پر قائم ہے کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی پر قابو پانے کی ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر کی جانب سے ایکس پر کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، برادر ممالک ترکیہ اور قطر کا مذاکرات میں ثالثی پر شکر گزار ہے؛ اب ذمہ داری افغانستان پر عائد ہوتی ہے کہ وہ دہشت گردی پر قابو پانے سے متعلق اپنی طویل عرصے سے چلی آنے والی بین الاقوامی، علاقائی اور دوطرفہ ذمہ داریوں کو پورا کرے، جن میں اب تک وہ ناکام رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ افغان عوام سے خیر سگالی کا جذبہ رکھتا ہے اور ان کے لیے ایک پر امن مستقبل کا خواہش مند ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھ اکہ پاکستان کبھی بھی افغان طالبان حکومت کے ایسے کسی اقدام کی حمایت نہیں کرے گا جو افغان عوام یا ہمسایہ ممالک کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہو۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے عوام کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔