ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی دہشت گرد گروہ ٹی ٹی پی یا بی ایل اے سے مذاکرات نہیں کرے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے، افواج پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان رجیم کے دوران دہشت گردی واقعات میں اضافہ ہوا، افغان رجیم اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے، امید ہے افغان طالبان کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم 2 روزہ دورے پر کل پاکستان پہنچیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر اردن کے شاہ عبداللّٰہ دوم یہ دورہ کر رہے ہیں، اعلیٰ سطح کا یہ دورہ پاکستان اور اردن کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، شاہ اردن کے دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آذربائیجان کی دعوت پر باکو کا دورہ کیا، آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب میں شرکت کی، آذربائیجان کے یوم فتح کی تقریب کے موقع پر ترکیے کے صدر سے ملاقات کی، کانفرنس کے موقع پر نائب وزیر اعظم نے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کیں، نائب وزیر اعظم نے مارگلہ ڈائیلاگ 2025 سے خطاب کیا۔