|

وقتِ اشاعت :   November 21 – 2025

فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے بچوں اور خواتین سمیت 18 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے، جبکہ دھماکے کے باعث متعدد گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔

فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں واقع کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے سے قریب واقع 9 گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔

ریسکیو ٹیموں نے فیکٹری کے ملبے سے مزدوروں اور قریبی گھروں کے ملبے سے بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد کی لاشیں جبکہ 10 زخمی حالت میں نکال کر الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا جہاں 7 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ڈی سی ندیم ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ گلو بنانے کی فیکٹری ہے، اس آبادی میں 100 کے قریب فیکٹریاں ہیں۔ 25 سال پرانی فیکٹری ہے، آبادی بعد میں یہاں آئی ہے۔

پولیس نے مینیجر سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ فیکٹری مالک کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کےلیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے فیصل آباد فیکٹری سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کااظہار کیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہاربھی کیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی ۔ کہا  زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں، جان کی بازی ہارنے والوں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔