|

وقتِ اشاعت :   November 26 – 2025

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی اور پیچیدہ چیلنجز کے باوجود مسلح افواج قومی سلامتی کیلئے پُرعزم ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 27 ویں نیشنل سکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، نیشنل سکیورٹی ورکشاپ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا ایک اہم پروگرام ہے، یہ پروگرام پارلیمنٹیرینز، اعلیٰ سول و عسکری افسران اور تعلیمی و سماجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان کو یکجا کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ورکشاپ کے شرکاء کو غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف جاری قومی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی، منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ بہتر بارڈر کنٹرولز اور غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی کے حوالے سے تازہ پیشرفت سے بھی شرکا کو آگاہ کیا گیا۔

ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا انٹیلی جنس، قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی قومی سلامتی کے لیے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت، عزم کا مظاہرہ کر رہے ہیں، علاقائی صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے، بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل مسابقت، سرحد پار دہشتگردی اور ہائبرڈ حربوں کے اثرات نمایاں ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا پاکستان ایک اہم ملک ہے اور اپنی حیثیت کے مطابق دنیا میں مقام حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، معرکہ حق میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جذبے اور عزم نے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا، ہماری سب سے بڑی طاقت قومی یکجہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی کے لیے ملک کی سرحدی سالمیت، سکیورٹی اور ہر پاکستانی شہری کا تحفظ اولین ترجیح ہے، ملک کی سرحدی سالمیت، سکیورٹی اور ہر شہری کے تحفظ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ہم ان شاء اللہ اپنے دشمنوں کے تمام مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مربوط قومی کاوشیں اور ادارہ جاتی ہم آہنگی نہایت ضروری ہیں۔

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج وفاقی وصوبائی حکومتوں سے تعاون جاری رکھے گی۔ دشمن کے مذموم عزائم متحد ہوکر ناکام بنائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جی ایچ کیوکا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی، فیلڈمارشل نے شرکا کو خطے کی صورتحال سے آگاہ کیا، وفد کو علاقائی اور اندرونی سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے وفد کو سرحدپار سے دہشتگردی، ہائبرڈ خطرات سے آگاہ کیا، خطے کی بدلتی صورتحال اور جیوپولیٹیکل چیلنجز پر بھی بات چیت کی گئی۔

فیلڈمارشل عاصم منیر  نے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے ادارے پرعزم ہیں، معرکہ حق میں افواج پاکستان کی کارکردگی سے ملک کا وقار بلندہوا، پاکستان ایک اہم ملک،اپنا مقام ضرور حاصل کرے گا، قوم کی اصل طاقت قومی وحدت میں ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم متحد ہوکر ناکام بنائیں گے۔ پاکستان کی سالمیت پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

فیلڈمارشل کا کہنا تھا کہ پائیدارامن اور ترقی کیلئے ادارہ جاتی تعاون ضروری ہے، پاک فوج وفاقی وصوبائی حکومتوں سےتعاون جاری رکھے گی۔ امن استحکام اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کاوشیں انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے ہر شہری کی سلامتی ، تحفظ اور ملکی خودمختاری ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔