حب : گڈانی سے ناکارہ بحری جہازوں سے حاصل ہونے والا اسٹیل اسکریپ لوہا ، لکڑی اور خام مال کراچی ، حیدرآباد ، فیصل آباد اور لاہور ترسیل کرنے والے ڈرائیوروں نے حب میں موٹر وے پولیس کے خلاف احتجاجاً اپنی ٹرکیں کھڑی کردیں ۔تفصیلات کے مطابق پیر کی شام کو بلوچستان کے علاقے گڈانی سے اسٹیل اسکریپ ، لوہے کی چادریں ، لکڑی اور خام مال لے کر کراچی ، حیدرآباد، فیصل آباد، لاہور اور ملک کے دیگر علاقوں میں جانے والی ٹرکوں کے ڈرائیوروں کی بڑی تعداد نے اپنی ٹرکیں موٹر وے پولیس کے ناروا سلوک کے خلاف لیڈا کراس اور سٹی پولیس تھانہ حب کے درمیان لائن سے سڑک کے کنارے کھڑی کردیں ۔اس موقع پر بلوچستان ٹرانسپورٹ فیڈریشن لسبیلہ کے ضلعی صدر سید نور شاہ نے حب کے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ موٹر وے پولیس گڈانی کے ٹرک مالکان اور ڈرائیورز حضرات سے انتہائی ناروا سلوک رواں رکھے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج مجبوراً گڈانی کے ٹرک ڈرائیورز نے اپنی گاڑیاں احتجاجاً موٹر وے پولیس کی نفری کے قریب کھڑی کردیں ہیں ۔سید نور شاہ اور اس موقع پر موجود پختون ویلفئیر کمیٹی بلوچستان کے مرکزی صدرزاہد اللہ خان نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ موٹر وے پولیس کا ٹرانسپورٹرز اور بالخصوص گڈانی کے خام مال سے بھری ہوئی ٹرکوں کے مالکان اور ڈرائیورز کے ساتھ رویہ نا قابل برداشت ہو چکا ہے ۔ان دونوں رہنماؤں کے موقف کی ہمایت کرتے ہوئے پاکستان شپ بریکنگ لیبر یونین کے صدر حاجی بابو عبدالکریم جان نے فون پر میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ ٹرک ڈرائیور آئے دن موٹر وے پولیس کی غیر قانونی حرکتوں کا شکار بنتے رہتے ہیں اور موٹر وے پولیس کوئی نہ کوئی بہانہ کر کے آئے دن ٹرکوں کا بلا وجہ چالان کرتی رہتی ہے اور ٹرک ڈرائیورز موٹر وے پولیس کی جانب سے آئے دن بلا جواز ٹرکوں کے چالان کی رقومات بھر بھر کر تنگ آ چکے ہیں ۔ا ن رہنماؤں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اگر حب میں تعینات موٹر وے پولیس نے اپنا رویہ گڈانی اور بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز سے درست نہ کیا تو گڈانی سمیت بلوچستان بھر کے ٹرانسپورٹرز موٹر وے پولیس کے خلاف احتجاج کا نہ رکنے والاسلسلے شروع کردیں گے اور حالات کے خراب ہونے کی ذمہ دار حب میں تعینات موٹر وے پولیس ہوگی۔