کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی غلام نبی مری اور سابقہ ضلعی انفارمیشن سیکریٹری نسیم جاوید ہزارہ نے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کوئٹہ کے انتخابات مکمل ہونے پر نو منتخب صدر منظور احمد رند، جنرل سیکریٹری شاہ حسین ترین، سینئر نائب صدر فرید اللہ خان، نائب صدر ظفر بلوچ، فنانس سیکریٹری عصمت سمالانی، کفایت علی، عدنان سعید، رضا الرحمان، سلیم شاہد، خلیل احمد، شہزادہ ذوالفقار، ارشد بٹ، مرتضی زہری، محمد عامر اور محب اللہ کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافی تنظیم کے انتخابات میں جرنلسٹس پینل کی ٹیم کی کامیابی نہ صرف ان کی محنت اور قابلیت کا ثبوت ہے بلکہ صحافت کے شعبے میں مثبت تبدیلی کی امید بھی جگاتی ہے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نو منتخب کابینہ اپنی اس اہم ذمہ داری کو بہترین طریقے سے نبھائیں گی اور ہم اللہ تعالی سے دعا کرتے ہیں کہ اس ٹیم کو توفیق عطا فرمائے تاکہ ان کی محنت اور لگن صحافت کی خدمت اور قوم کی رہنمائی کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے یہ عوام کی آواز ہے جو حکومتی احتساب کو یقینی بنانے کے ساتھ شفافیت کو فروغ دیتی ہے۔
عوام کو درست اور بروقت خبروں سے آگاہ کر کے سماجی شعور اجاگر کرتی ہے، کرپشن، ناانصافی اور معاشرتی و سیاسی مسائل کو اجاگر کرکے اصلاح کی بنیاد رکھنے اور مسائل کے حل کی نشاندھی کرتی ہے۔ صحافت ایک ایسا مقدس پیشہ ہے
جو حقیقت کی تلاش میں غیر جانبدارانہ رپورٹنگ اور افاہوں کا مقابلہ کر کے عوام کے سامنے سچائی کو پیش کرتی ہے، تعلیم صحت اور ترقیاتی مسائل پر توجہ مرکوز کر کے پالیسی سازوں کو جھنجھوڑتے رہتے ہیں اور حساس معلومات کو ذمہ داری سے پیش کرتے ہوئے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان جیسے پسماندہ ممالک میں جہاں حق اور سچائی پر بات کرنا جرم بن گیا ہے اس کے لئے سب سے زیادہ قربانی صحافیوں نے دی ہے خصوصا بلوچستان کے سلگتے مسائل کو اجاگر کرنے میں جتنی شہادتیں صحافیوں نے دی ہیں وہ تاریخ کا حصہ ہے۔