|

وقتِ اشاعت :   January 30 – 2026

کوئٹہ: گوادر کااہم،تاریخی اورمین مقام ملا فاضل چوک کا باقاعدہ افتتاح امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمن بلوچ، ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی معین الرحمن اور چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر نے مشترکہ طور پر کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ گوادر کی مجموعی ترقی میں گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سید ہاشمی ایونیو اور ملا فاضل چوک کی تعمیر و تزئین و آرائش اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد گوادر کے قدیم تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے جدید طرزِ تعمیر کے تحت شہر کو خوبصورت بنانا ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ جی ڈی اے جلد ہی اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے کے فیز ٹو پر کام کا آغاز کر رہا ہے، جبکہ موجودہ سال کو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سال قرار دیا گیا ہے۔اس دوران گوادر میں متعدد اہم ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مرحلے میں کلین اور گرین گوادر کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جائے گا، پورے شہر کو جدید اور ہم آہنگ طرزِ تعمیر کے تحت خوبصورت بنایا جائے گاجبکہ ڈرینج اور سیوریج جیسے دیرینہ مسائل کے حل پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی نمائندے، میونسپل کمیٹی اور گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی گوادر کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک صفحے پر ہیں اور باہمی اشتراک سے شہر کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب میں چیف آفیسر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ایکسیئن روڈ نادر بلوچ،وائس چیئرمین سیف اللہ ہوت سمیت کونسلران اور حق دو تحریک کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔