|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2026

کوئٹہ : گزشتہ 12 ماہ کے دوران بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے 700 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک، جبکہ صرف گزشتہ دو دن میں 70 کے قریب دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا گیا ہے۔

آج علی الصبح دہشت گردوں نے اپنے گرتے ہوئے مورال کو بچانے کے لیے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کی کوشش کی، جسے بلوچستان کی بہادر پولیس اور ایف سی کے جانباز سپاہیوں نے مل کر ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں اب تک 37 مزید دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو ختم نہیں کر سکتے، ہم آخری دہشت گرد تک پیچھا جاری رکھیں گے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں بم دھماکے کے مقام کا دورہ کیا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں سے ملاقات کی۔

آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر خان نے وزیر اعلیٰ کو واقعے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پولیس اور سی ٹی ڈی کے فوری اور مؤثر ردعمل پر بہادر جوانوں کو شاباش دی اور کہا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف بروقت رسپانس قابل ستائش ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان میں امن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔