اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 10 فروری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہوگی، 9 اور 10 فروری کو پنجاب کے متعدد اضلاع میں بارش مری سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم سمیت مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے، جنوبی پنجاب میں تیز ہوائوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔بلوچستان کے 19 اضلاع میں آج ہلکی بارش جبکہ چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی منگل تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
حکام نے بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقے ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند اور پھسلن کا خدشہ ظاہر کیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے۔
ادھر پی ڈی ایم اے کے مطابق 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ہے، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔الرٹ کے مطابق 9 سے 10 فروری کے دوران مری، گلیات اور گرد و نواح میں برفباری اور بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق 9 سے 10 فروری کے دوران لاہور میں بھی گھنے بادلوں سمیت بارش کا امکان ہے،
پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گھنے بادلوں سمیت بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔الرٹ میں کہا گیا ہے کہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشا، جھنگ، نورپور تھل، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاالدین اور سیالکوٹ میں بھی بارش کا امکان ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں، ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی ڈایزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے، شہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے مری میں سیاح احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ہدایات پر عمل کریں۔
Leave a Reply