کوئٹہ : صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان کو فوری اور موثر کارروائی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ویڈیو میں کچھ نامعلوم افراد کوئلہ پھاٹک فلائی اوور کے اسٹرکچر کو نقصان پہنچاتے اور اس میں استعمال ہونے والی اسٹیل چوری کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، جس کے باعث فلائی اوور کی ساخت کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے واقعہ کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور قومی وسائل کی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور فلائی اوور کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائیدریں اثنا ایگزیکٹو انجینئر روڈز صدر نے موقع پر پہنچ کر کوئلہ پھاٹک فلائی اوور کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ابتدائی جائزے کے مطابق اسٹرکچر کے بعض حصوں سے اسٹیل نکالنے کی کوشش کی گئی جس سے پل کی مضبوطی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ متعلقہ انجینئرنگ ٹیم نے نقصان کا تخمینہ لگانے اور مرمتی کام کے لیے رپورٹ تیار کرنا شروع کر دی ہے۔ایگزیکٹو انجینئر نے قریبی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی ہے اور پولیس سے استدعا کی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ساتھ ہی یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ فلائی اوور کی حفاظت کے لیے پولیس اہلکاروں کی مستقل ڈیوٹی لگائی جائے تاکہ آئندہ کسی بھی قسم کی تخریب کاری یا چوری کے واقعے کو روکا جا سکے۔عوامی حلقوں نے بھی اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی حفاظت کے لیے مثر سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ فلائی اوور جیسے اہم انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے سے نہ صرف مالی خسارہ ہوتا ہے بلکہ شہریوں کی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کے مطابق فلائی اوور کی مکمل حفاظت اور مرمت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
Leave a Reply