|

وقتِ اشاعت :   March 25 – 2026

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خدشات دور نہ ہونے کی صورت میں ملک بھر کے ہزاروں پیٹرول پمپس بند کرنے کی دھمکی دیدی۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے ایسوسی ایشن نے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کیلئے مراسلہ بھیج دیا ہے، 6 مارچ کو بھی مراسلہ بھیجا گیا تھا لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم سیکٹر کو آپریشنز، مالی مشکلات، قیمتوں اور اچانک پالیسی تبدیلیوں کا سامنا ہے، حکومت پالیسی سازی میں صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرے، ملک بھر کے 14 سے15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل فوری توجہ کے متقاضی ہیں۔

 

ایسوسی ایشن کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے، پیٹرول پمپ بندش کی صورت میں پاکستان میں شدید فیول بحران کا خدشہ ہے، ممکنہ بحران کی ذمہ داری وزارتِ پیٹرولیم پر عائد ہوگی۔