تربت : نیشنل پارٹی کیچ یونٹ بہمن ‘ڈنک ‘گوکدان اورنوکباد کااجلاس ضلعی صدر محمدطاہربلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ‘صوبائی صدر کہدہ محمداکرم دشتی ‘ مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فداحسین دشتی ‘ مرکزی رہنما میونسپل کارپوریشن تربت کے مےئر قاضی غلام رسول بلوچ سمیت کارکنان نے کثیرتعدادمیں شرکت کی ‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ آج کے اس اجتماع سے ثابت ہوگیاہے کہ نیشنل پارٹی کاہرکارکن اپنے عظیم شہداء کویاد کرتاہے کیونکہ شہداء کی قربانیوں وجدوجہد کی بدولت آج نیشنل پارٹی ایک مضبوط ومنظم پارٹی کا روپ دھارچکی ہے اب ہمیں اسے ایک قومی پارٹی بنانا ہوگا ‘ انہوں نے کہاکہ اپنے اسکول آبادکریں جب اسکول آباد ہوں گے توکوئی طاقت آپ کوترقی سے نہیں روک سکتی ‘ انہوں نے کہاکہ جب حکومت ملی تو سب سے پہلے امن وامان اورپھرتعلیم کوترجیح دی ‘ عوام خود حالات کاموازنہ کریں کہ آیا بہتری آئی ہے کہ نہیں‘ اگرتبدیلی محسوس ہوتی ہے تو اس سوچ کا ساتھ دیں اور اپنے قدم ہمارے ساتھ ملائیں تاکہ قوم کو تاریکی سے نکال کر روشن مستقبل دے سکیں نیشنل پارٹی عوام کو اپنی اثاثہ سمجھتی آرہی ہے اس لئے ہم عوام کے سامنے خودکوپیش کرنے کو اپنا فرض سمجھتے ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچستان وسائل سے مالا مال ہے پھربھی یہاں کے لوگ کیوں مشکلات کے شکارہیں ؟ کیونکہ تعلیم کی اہمیت سے لوگ ناواقف ہیں ‘ دنیا ہیومن ریسورس کوترقی دے رہی ہے نیشنل پارٹی عرصہ دراز سے کوشش کررہی ہے کہ جتنی ہوسکے تعلیم کے حوالے سے لوگوں کو آگاہی دے کیونکہ نیشنل پارٹی ایک قومی پارٹی ہے اور اپنے معاشرے کے ہرپہلو پر نظررکھتی ہے انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کاہرکارکن بلوچ کاسپاہی ہے اور سیاسی طورپر تربیت یافتہ ہے جوبلوچستان ساحل وسائل کی حفاظت کرسکتاہے دنیاکے حالات تبدیل ہورہے ہیں ہمیں ان کے مقابلہ کیلئے خودکو تیارکرناہوگا انہوں نے کہاکہ28جولائی کے جلسہ عام میں شرکت کرکے اپنے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کریں کیونکہ یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے کاروان کے ساتھیوں کوہمیشہ یادرکھیں اور ان کے فکر وفلسفہ پر چلتے ہوئے منزل کی جانب قدم بڑھائیں‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدرکہدہ محمد اکرم دشتی نے کہاکہ آج اس جم غفیر کو دیکھ کر اندازہ ہورہاہے کہ لوگ نیشنل پارٹی کی سوچ سے واقف اورکارکردگی سے مطمئن ہیں یہ ایک باشعور قوم کی نشانی ہے اوریقین سے کہتاہوں کہ یہ کاروان مزید بڑھے گی اور وہ دن دورنہیں جب نیشنل پارٹی ایک بڑی جماعت کی حیثیت سے ابھرے گی ‘ نیشنل پارٹی آپ لوگوں کی پارٹی ہے ‘پارٹی کی قیادت ورکروں کے ہاتھ میں ہے اورنیشنل پارٹی کاہرکارکن لیڈربن سکتاہے ‘ نیشنل پارٹی میں عہدہ محنت سے ملتے ہیں اورباقاعدہ الیکشن لڑکر عہدیداراں بنتے ہیں اور نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ اختیارات نچلی سطح پرمنتقلی سے ترقی یقینی ہوتی ہے اسی وجہ سے نیشنل پارٹی کے دورمیں لوکل گورنمنٹ کے الیکشن پورے پاکستان میں سب سے پہلے ہوئے ہیں ‘اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی فنانس سیکرٹری ‘ضلع کونسل کیچ کے چےئرمین حاجی فداحسین دشتی نے کہاکہ ڈنک بہمن گوکدان اورنوکبادکے عوام 28جولائی کے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرکے ان عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کریں جنہوں نے آپ کی خوشحالی کیلئے اپنی جانیں قربان کی ہیں انہوں نے کہاکہ بلوچ ایک مشکل دورسے گزررہاہے بلوچ کو ایک پلیٹ فارم پرجمع ہونا چاہیے اور وہ پلیٹ فارم نیشنل پارٹی ہے ‘ بلوچستان میں نیشنل پارٹی کے علاوہ تمام پارٹیاں شخصیات کی پارٹی ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ شخصیات کبھی قوم کی نمائندگی نہیں کرسکتی ہے آئیں نیشنل پارٹی کومضبوط بنائیں تاکہ حالات کامقابلہ کرکے ملک وقوم کوبہترمستقبل دے سکیں۔