کوئٹہ: جماعت اسلامی کے مرکزی امیر وسینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ کوئٹہ یابلوچستان میں بدامنی بم دھماکے ہو اور پاکستان ترقی کریں ایسا ممکن نہیں ۔چوروں ،لٹیروں اور عوام کی جان ومال سے کھیلنے والوں کو سزادیناوقت کی اہم ضرورت ہے ملک کے ایک کونے میں عوام غمزدہ افسردہ پریشان اوربدحال ہواور دوسرے کونے میں شادیانے بجے یہ قوم کو قبول نہیں آزادی کے ثمرات قوم کو نہیں ملے پاکستان کو اسلامی بناکربلوچستان کو خوشحال اورپرامن بناناوقت کی اہم ضرورت ہے ۔کوئٹہ دھماکے نے قیمتی انسانو ں کے گھروں کو اجھاڑ کر رکھ دیا قوم کو بہت بڑاصدمہ پہنچا لواحقین غم سے نڈھال ہے پورے ملک کے عوام غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں حکومت امن کی بحالی ،کرپشن کے خاتمے اور عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہے وکلاء اورصحافیوں کی قربانی ضرور رنگ لے آئیگی ۔جماعت اسلامی کے ذمہ داران وارکان جماعت اسلامی کی دعوت گھر گھر پہنچانے کیلئے جدوجہد تیز کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے ارکان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر مولاناعبدالکبیر شاکر ،حافظ نورعلی،پروفیسر مولاناعبدالخالق مندوخیل نے بھی خطاب کیا سراج الحق نے اس موقع پر بم دھماکے میں شہید ہونے والے وکلاء صحافی ودیگرکی مغفرت درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبرجمیل اورزخمیوں کی صحت یابی کیلئے بھی خصوصی دعا کی سراج الحق نے مزید کہا کہ مدینہ منورہ کی ریاست کے بعد پاکستان دنیا میں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم کی جانے والی واحد نظریاتی مملکت ہے لیکن قائداعظمؒ کی آنکھیں بند ہوتے ہی پاکستان ان سیکولر اور لبرل لوگوں کے ہتھے چڑھ گیا جن کا نہ کوئی نظریہ تھا اور نہ ہی وہ پاکستان کے حصول کے مقاصد سے آشناتھے ۔ دولت کی بنیاد پر پاکستان کے اقتدار پر قابض حکمرانوں نے قوم سے بے وفائی اور پاکستان کے نظریے سے غداری کی ۔ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان دو لخت ہوا اور اسے اس کی منزل اسلامی انقلاب سے محروم کر دیا گیا ۔ اسلام آباد زندہ لاشوں کا قبرستان بن چکاہے جہاں زندگی کی کوئی حرارت اور علامت نظر نہیں آتی ۔ آج اسلام و پاکستان دشمن قوتوں نے ہمیں چاروں طرف سے گھیررکھاہے ۔ بھارت پاکستان کی سلامتی سے کھیلنا چاہتاہے ۔ کوئٹہ وبلوچستان پر خوف کا پہرہ ہے ۔ شہر خون آلود اور عوام اپنی سلامتی کی فکر میں ہیں ۔ حکمرانوں نے اپنا قبلہ درست نہ کیا اور خواب غفلت سے بیدار نہ ہوئے تو ملک کسی بڑے سانحہ سے دوچار ہوسکتاہے ۔ پاکستان کا مستقبل روشن اور اسلام سے وابستہ ہے جو لوگ پاکستان کو سیکولر بناناچاہتے ہیں انہیں کسی دوسرے ملک چلے جاناچاہیے۔