نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ بھارت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو ماننے سے انکار کررہا ہے اور یہی بات مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی اور خطے میں تناؤ کی بڑی وجہ بنی ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے جنرل اسمبلی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہ ملنے سے علاقے میں کشیدگی پھیل رہی ہے، بھارت کشمیریوں کے حق خودارادیت کو ماننے سے مسلسل انکار کررہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی اور خطے میں شدید تناؤ ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ بھارت کو مسائل کے حل کے لئے بامعنی مذاکرات کی دعوت دیتے ہیں مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اور اقوام متحدہ کی رائے شماری سے حل ہونا چاہئے جس کے لئے عالمی برادری کا بھارت پر دباؤ اور کردار نہایت اہم ہے۔