|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2016

کوئٹہ : موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں موسم کے بدلتے تیور عوام کی جان کو آگئے ،کبھی خشک گرم تو کبھی سخت سرد موسم کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موسمی بیماریوں میں اضافہ ہواہے جس کی وجہ سے کوئٹہ کے ٹریژری ہسپتالوں سمیت مختلف اضلاع کے ہیڈکوارٹرز میں بھی مریضوں کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔سول ہسپتال کے آرایم او ڈاکٹرجاوید کے مطابق سرد اور گرم خشک موسم کی وجہ سے نزلہ ،زکام ،گلے سمیت مختلف بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہے اسی لئے روزانہ سول ہسپتال کوئٹہ کے شعبہ ایمرجنسی میں لوگوں کی بڑی تعداد ڈاکٹرز سے چیک اپ کیلئے آرہے ہیں ان کے مطابق موسم کے بدلتے تیور کی وجہ سے موسمی بیماریاں پھیلنے کاسلسلہ تیز ہوگیاہے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور شمالی اضلاع میں عموماََ نومبر اور دسمبر میں بارشوں کاسلسلہ شروع ہوجاتا اور موسم شدید سرد ہوتا مگر گزشتہ چند سالوں سے بلوچستان کے شمالی اضلاع میں سردی کی بجائے موسم گرم اور خشک رہنے لگتاہے چند روز تک شدید سردی پڑتی ہے اور پھر ایک دم موسم گرم ہونے لگتاہے جس کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شمالی اضلاع مستونگ ،قلات ، قلعہ عبداللہ ،پشین ،زیارت اور دیگر میں موسمی بیماریاں پھیلنے کاسلسلہ تیز ہوچکاہے ،لوگوں کے اکثر یت کو سرد رد ،نزلہ ،زکام ،گلے اور منہ میں چھالے پڑنے جیسی بیماریوں کا سامنا کرناپڑرہاہے ،اس سلسلے میں ڈاکٹرز نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے کہ اورکہاہے کہ احتیاط نہ کرنے کی صورت میں عوام کو موسمی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے خدشات ہیں ۔