|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2017

اسلام آباد:وزیرا عظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وژن 2025 کے تحت پاکستان کو دنیا کی 20 ویں بڑی معیشت بنانے کا منصوبہ ہے، پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بن رہا ہے، حکومت اپنے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہے، اقتدار سنبھالا تو پاکستان کو معاشی بحران کا سامنا تھا مگر چیلنج کو قبول کرتے ہوئے تمام مسائل حل کرنے کا عزم کیا ،آج پاکستان کی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، پاکستانی معیشت عالمی اداروں کی توقعات سے زیادہ ترقی کررہی ہے ،ملک میں کثیر الجہت اصلاحات کر رہے ہیں، چین کے ساتھ ایک سڑک اور ایک خطے کے ویژن پر کام چل رہا ہے ۔اسلام آباد میں امریکا ، برطانیہ ، چین اور اٹلی سمیت 14ممالک کے 38 کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ پاکستان کی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے ،ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوشاں ہیں ۔ آپ کا پاکستان کا دورہ نئے تجارتی مواقع فراہم کرے گا، ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے مختلف زونزقائم کررہے ہیں۔غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ساز گار ماحول دے رہے ہیں اور پائیدار معاشی اصلاحات کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ،انہوں نے کہاکہ پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بن رہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ۔2025ء میں پاکستان دنیا کی پہلی 20 معیشتوں میں شامل ہو جائیگا اور پرائس واٹر ہاؤس کوپرس ( پی ڈبلیو سی) نے اپنی رپورٹ میں پاکستان کو 2030 کی دنیا کی 32 بڑی معیشتوں میں جگہ دی ہے۔، ملک میں ترقی کیلئے کثر الجہت اصلاحات کررہے ہیں ،وزیر اعظم نوازشریف نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی افراط زر میں کمی آئی ہے اور رواں سال ترقی کی شرح 5.5 فیصد تک لے گئے جبکہ خسارہ 8.2 فیصد سے کم ہوکر4.2 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔پاکستان میں کنزیومر مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں غربت میں کمی واقع ہورہی ہے اور متوسط طبقے کی آمدن میں اضافہ ہورہا ہے ۔