کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی جانب سے اشتعال انگیزی اور بلاجواز فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے تین اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ انہوں نے پاک افواج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا، اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ رویے کی ناصرف مذمت کرنا چاہیے بلکہ بھارت کو جارحیت سے روکنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ بھی استعمال کرنا چاہیے، جس سے خطے میں حالات خراب ہو سکتے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بھارت کے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے نا تو پاک افواج اور نہ ہی پاکستانی قوم مرعوب ہو سکتی ہے ، بلکہ بھارت کو بھرپور انداز میں دندان شکن جواب دیا جائیگا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری اپنے ظلم وجبر اور کشمیری عوام کی تحریک خود ارادیت سے دنیا کی نظریں ہٹا نے کے لیے اس قسم کی مزموم کاروائیاں کر رہا ہے لیکن اس کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے شہید سیکورٹی اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی ہے، جنہوں نے ارض پاک کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔