اسلام آباد : آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) نے ایکسپلوریٹری چھٹو ویل نمبر 1 سے گیس و کنڈنسیٹ تیل کے ذخائر دریافت کر لئے ہیں ، جو ضلع حیدرآباد ، صوبہ سندھ میں واقع ہے ۔ او جی ڈی سی ایل چھٹو ویل نمبر1نم بلاک میں بطور آپریٹر کام کر رہی ہے اور کمپنی کے حصص 95 فیصد ہیں جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ اس میں پانچ فیصد کی حصہ دار ہے ۔ چھٹو ویل کی کھدائی اور تجزئیے کے لئے مکمل طور پر او جی ڈی سی ایل کے ماہرین پر انحصار کیا گیا ۔ کنویں کی کھدائی 3820 میٹر تک کی گئی ۔ جہاں پر 8.66 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور 285 بیرل کنڈنسیٹ تیل یومیہ 32/64 چوک کے ذریعے حاصل ہو گا اور ویل ہیڈ فلوئینگ دباؤ 2100فی مربع انچ ( پی ایس آئی ) ہے ۔ او جی ڈی سی ایل کی اس دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ملکی ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔ جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔