حب : حب شہر میں تیز رفتار ٹرالر نے ایک موٹر سائیکل پرسوار باپ اور بیٹے کو کچل کر ہلاک کردیا ، ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔حب ندی میں نہاتے ہوئے کراچی کا ایک نوجوان ڈوب کر ہلاک ہوگیا پولیس نے ضروری قانونی کارروائی کے بعد تینوں لاشوں کو ورثہ کے حوالے کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز کراچی کے قریب واقع بلوچستان کے سب سے بڑے صنعتی شہر حب میں شہر سے گزرنے والی آر سی ڈی شاہراہ پر ایک تیز رفتار ٹریلر نے اپنے سامنے جانے والے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس پر سوار پچیس سالہ نذیر ولد محمد عمر اور اس کا والد پینتالیس سالہ محمد عمر ٹرالر کی زد میں آکر موقع ہی پر جاں بحق ہوگئے ۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر ایدھی ایمبولینسز نے ہلاک شدگان کی لاشیں اسپتال پہنچائیں جہاں پرگورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر عباس لاسی نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں لاشیں ورثہ کے حوالے کردیں ۔
جاں بحق ہونے والا باپ بیٹا حب میں واقع ٹی ٹی سی کالونی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں ۔علاوہ ازیں حب پولیس کے ایس ایچ او عطا ء اللہ نمانی حادثے کے ذمہ دار ٹریلر کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے ۔ علاوہ ازیں ہفتے ہی کے روز حب شہر کے قریب سے گزرنے والی حب ندی میں نہاتے ہوئے کراچی کا ایک نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا جس کی میت ایدھی سینٹر حب کے عملے نے ورثہ کے حوالے کردی ہے۔
حب ،تیز رفتار ٹرالر نے باپ بیٹے کو کچل دیا
وقتِ اشاعت : May 28 – 2017