|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2017

سبی: قومی شاہراہ پر مٹھڑی کے قریب تیز رفتار آلٹو کاراور ٹرک میں تصادم ،ایک خاندان کی چار خواتین سمیت چھ افراد جاں بحق۔

جاں بحق افرادکی نعشوں کو ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی لایا گیا ،بدقسمت خاندان کوئٹہ سے جعفرآباد جارہے تھے ،حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق جعفر آباد پولیس کے ایم ٹی او سیکشن کے انچارج مالک داد اپنے خاندان کے ہمراہ کوئٹہ سے اپنے آبائی علاقہ جعفرآباد جارہے تھے کہ قومی شاہراہ پر مٹھڑی کے قریب تیز رفتار ٹرک نمبر P-8717کے بریک لگانے پر پیچھے سے تیز رفتاری کے باعث آلٹو گاڑی نمبر PAC-192ٹرک کے اندر گھس گئی ۔

اس ہولناک حادثے میں ایک خاندان کے چھ افراد جن میں سربراہ مالک داد،مسماۃ جیجاں،مسماۃ ثانیہ بی بی،مسماۃ حلیمہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ زخمی ہونے والوں میں مسماۃ شہناز بی بی اور بیٹا قدیر احمد کوایدھی ایمبولینس کے ذریعے ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سبی طبی امداد کے لیے لایا گیا ۔

جہاں پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مسماۃ شہناز بی بی اور بیٹا قدیر احمد بھی خالق حقیقی سے جاملے ،ہولناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس اور متعلقہ انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی تاہم ٹریفک حادثے کی تحقیقات بالاناڑی لیویز فورس کررہی ہے ۔