لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کی پیشی ان کے بھائی حسین نواز کی وجہ سے ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آج شریف خاندان کے مالی معاملات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئی ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے تین نسلوں کا نہیں صرف نواز شریف کا حساب مانگا تھا، تینوں نسلوں کا حساب شریف خاندان نے خود دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے نواز شریف سے 1993 سے 2006 کے درمیانی دور کا حساب مانگا تھا کہ اور لندن کے پارک لین اپارٹمنٹس کی مالک نیلسن اور نیسکول کمپنیوں کے کاغذات مانگے تھے۔
فواد چوہدری کے مطابق ‘نواز شریف نے پہلے خود کو بچانے کے اپنے بچوں کو ملوث کیا اور ان کے بیٹے نے بہن اور دادا کو ملوث کرلیا، شریف خاندان نے تینوں نسلیں خود ہی سامنے کھول کر رکھ دیں’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘حسین نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر سارا الزام اپنے دادا میاں شریف کے سر دھر دیا اور بتایا کہ نواز شریف کی پارلیمنٹ میں کہی گئی بات درست نہیں’۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ‘حسین نواز نے بتایا کہ ہم نے لندن اپارٹمنٹس گلف اسٹیل یا سعودی عرب کی اسٹیل مل سے نہیں لگائے بلکہ جاسم فیملی سے تعلق رکھنے والے قطری شہری کے ساتھ سرمایہ کاری کرکے خریدے’۔
ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے پاسپورٹ پر قطر کا کوئی ویزا نہیں، شریف خاندان نے ایسی سرمایہ کاری کی جس کا کوئی منی ٹریل موجود نہیں۔
مریم نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کو حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے ‘سیاسی جنازے کا آغاز’ قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘مسلم لیگ ن کی سیاسی موت واقع ہوگئی ہے، اب صرف آخری رسومات ہونا باقی ہیں’۔
دانیال عزیز کو پرویز مشرف کا دست راست قرار دے کر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ‘2001 سے 2009 تک مارشل لاء کی حکومت کے نیشنل ری کنسٹرکشن بیورو کے سربراہ اور اسٹیبلشمنٹ کے سب سے بڑے پروردہ بتاتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ حکومت کے خلاف سازشیں کررہی ہے’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اسٹیبلشمنٹ کے پنگھوڑے میں پیدا ہونے والے لوگ آج کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نواز شریف کے خلاف سازشیں کررہی ہے’۔
ریمنڈ ڈیوس کی حال ہی میں منظرعام پر آنے والی کتاب پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘دانیال عزیز ریمنڈ ڈیوس کی کتاب میں سامنے آنے والے ناموں پر کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں، ان کی سہولت کے لیے اس کتاب کا اردو ترجمہ کروائیں گے کیونکہ اس کتاب میں ریمنڈ ڈیوس نے نواز شریف اور شہباز شریف کے کردار کا خصوصی ذکر کیا ہے’۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ‘یہ نہ انگریزی میں آنے والے فیصلے پڑھتے ہیں نہ ہی کتاب، میری سپریم کورٹ سے درخواست ہوگی کہ اگلا فیصلہ اردو میں جاری کریں’۔