اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سانپ کے پاس دوسرا کوئی راستہ نہیں اور اسے لوڈو سیڑھی کا کھیل کھیل کر ہی اقتدار مل سکتا ہے۔
وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نوازی کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے چیرمین پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ عمران خان صاحب دیکھیں عوام کی محبت کیا ہوتی ہے، قوم کو جواب دیں کہ آپ نے زکوٰة کے پیسے جوئے میں کیوں لگائے اور آپ کو یہودیوں و ہندووٴں کی غیر ملکی فنڈنگ کہاں سے کی گئی، آپ عدالتوں سے مفرور کیوں ہیں، خیبرپختون خوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر کس حیثیت سے استعمال کرتے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سانپ کون ہے عوام جانتی ہے، اس سانپ کو لوڈو کھیل کر ہی اقتدار کی سیڑھی مل سکتی ہے، عمران خان جواب دیں کہ وہ کس حیثیت سے وزیراعلیٰ ہاوٴس میں لوڈو اور سانپ سیڑھی کھیلتے ہیں۔عمران خان صاحب بیٹیوں کی عزت کرنے والے اسی طرح ساتھ آتے ہیں لیکن آپ جیسے لوگ جو بیٹیوں کو قبول ہی نہیں کرتے وہ ایسے ہی بیان دیتے ہیں، آپ آج بھی جھوٹ بولنے سے بعض نہیں آئے۔