|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں ایف آئی اے کے دفتر کی تجوری توڑ کر ایک کروڑ30لاکھ روپے چوری کرلئے گئے۔ پولیس نے ایف آئی اے میں تعینات سب انسپکٹر سمیت دو ملزمان کرکے 50لاکھ روپے سے زائد کی رقم برآمد کرلی ۔

ذرائع کے مطابق چوری کی واردات اتوار اور پیر کی درمیانی شب کوئٹہ کے علاقے اسمنگلی روڈ پر جناح ٹاؤن کے قریب واقع ایف آئی اے بلوچستان کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی ۔ دو ملزمان نے سی سی ٹی وی کیمروں کی تاریں کاٹنے کے بعد دفتر میں موجود تجوری کو توڑ کرکروڑوں روپے چوری کرلئے اور دیوار پھلانگ کر رات کی تاریکی میں فرار ہونے کی کوشش کی۔

ا س دوران چوکیدار نے دفتر کے قریب مشکوک گاڑی دیکھی تو انہیں شک ہوا تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ تھانہ صدر اور جناح ٹاؤن کے عملے نے فوری طور پر کارروائی کی اور گاڑی کا تعاقب کیا۔ اس دوران بروری پولیس ، سریاب پولیس اور خروٹ آباد پولیس نے بھی مختلف مقامات پر ناکے لگا ئے ۔

تعاقب کے بعد صدر، جناح ٹاؤن اور خروٹ آباد پولیس کے عملے نے گاڑی کو کلی ترخہ کے قریب گھیرے میں لے لیا اور اس میں سوار دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی شناخت ایف آئی اے میں کچھ عرصہ قبل پولیس سے ڈیپوٹیشن پر آنے والے سب انسپکٹر نصیب اللہ بڑیچ اور اس کے دوست محکمہ انٹی کرپشن کے سب انسپکٹر محمد عمران یوسفزئی کے نام سے ہوئی ہے۔

تلاشی لینے پر ملزمان سے51لاکھ روپے سے زائد کی پاکستانی کرنسی اورچار لاکھ جعلی انڈین کرنسی برآمد ہوئی۔ واقعہ کی اطلاع پولیس اور ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام کو دی گئی جس کے بعد معاملے کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی گئیں۔

ملزمان کے خلاف تھانہ صدر میں ایف آئی اے کے انچارج مال خانہ اے ایس آئی خان محمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام نے پولیس کو بتایا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے مختلف کارروائیوں میں پکڑی گئیں ایک کروڑ14لاکھ817روپے پاکستانی کرنسی، تین ہزاربرطانوی پاؤنڈ (برابر 4لاکھ64ہزار روپے پاکستانی رقم، بارہ ہزار امریکی ڈالر (برابر13لاکھ پاکستانی روپے) و دیگر اصلی و جعلی کرنسی ، پرائز بانڈ تجوری سے چوری ہوئی ہے ۔

ملزمان سے اس کی نصف بھی رقم برآمد نہیں ہوئی۔ باقی رقم کہاں گئی معاملے کی تحقیقات شروع کردی ۔ بتایا جاتا ہے کہ واردات کے دوران ایک سی سی ٹی وی کیمرے کی تار نہ کٹ سکے جس سے پولیس کو تمام شواہد مل گئے ہیں ۔

بعض اطلاعات کے مطابق چوری شدہ رقم کہیں گنازیادہ ہے لیکن ایف آئی اے اور پولیس نے اس بابت حتمی معلومات فراہم نہیں کیں۔ ایس ایس پی آپریشن نصیب اللہ خان کے مطابق ایف آئی اے حکام ریکارڈ چیک کررہی ہے اس کے بعد بھی حتمی رقم معلوم ہوسکے گی۔