کوئٹہ: نوحصار خود کش حملہ آور بی ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ ، حکومتی وزراء اور سیاسی رہنماؤں نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور کیفر کردار تک پہنچاناہوگا۔
گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بدھ کے روز سمنگلی روڈ کوئٹہ پر نامعلوم افراد کی ڈی ایس پی حمید اللہ دستی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے
اپنے ایک تعزیتی بیان میں دہشت گردی کے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ہر قسم کی تخریب کاری اور شر پسندی میں ملوث عناصرکاقلع قمع کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں ۔
گورنرنے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی فعالیت مزید بہتربنانے اورعوامی مقامات پر کسی بھی ممکنہ واقعہ سے ہوشیار رہیں اور تمام ممکنہ حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ۔
گورنر نے شہداء کے ورثاء کیساتھ ہمدری اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعاکی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سمنگلی روڈپر ڈی ایس پی حمیداللہ دستی کے گاڑی پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حملے میں شہید دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
اپنے ایک مذمتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گرد اس طرح کے بزدلانہ کاروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں اور ہدایت کی کے ان کے خلاف بھرپور طاقت کا استعمال کیاجائے اور ان کو قانون کے کٹہرے میں لاکر عبرتناک سزا دی جائے۔
شہداء کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کے اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں بلند درجات عطا فرمائے۔
پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمدرندنے نوحصار میں ایف سی کے کیمپ پر خودکش حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ واقع میں شہید ہونیوالوں اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم میں ہماری پارٹی برابر کی شریک ہے ۔
انہوں نے کہاکہ واقع میں زخمی ہونیوالوں اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائے اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں کا کردار قابل تعریف ہے ۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقع میں ملوث عناصر کوگرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے نوحصار میں ایف سی اور سمنگلی روڈ پر ڈی ایس پی کی گاڑی پر حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح حالات کو خراب کرنے والوں کے خلاف موثر کا رروائی کی جائے ان واقعات سے فورسز کے مورال کو کم نہیں کیا جا سکتا ۔
اپنے جاری کر دہ بیان میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے نوحصار میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے اور سمنگلی روڈ پر ڈی ایس پی کی گاڑی پر حملے اور ان کے نتیجے میں شہید ہونیوالے اہلکاروں کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف موثر کا رروائی کرے سیکورٹی فورسز ، پولیس اور لیویز کی قربانیوں کے بدولت حالات میں بہتری آئی ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ اپوزیشن موجودہ حالات پر خاموش نہیں رہ سکتی اور مطالبہ کر تے ہیں کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،
عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے نوحصار میں ایف سی اور سمنگلی میں ڈی ایس پی کی گاڑی پر حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک پرامن اور سیاسی سوچ رکھنے والی سیاسی جماعت ہے اور ملک میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعات کی ہم مذمت کر تے ہیں ۔
کوئٹہ کو ایک بار پھر دہشت گردی کے نشانے پر حکومت اور ادارے اپنا کردار ادا کرے
اپنے جاری کر دہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نوحصار میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملے اور ان میں شہید ہونیوالے 4 اہلکاروں کی مذمت کر تے ہیں اور اسی طرح سمنگلی روڈ میں ڈی ایس پی کے گاڑی کو جس طرح نشانہ بنایا گیا اور ان میں دو پولیس اہلکار شہید ہوئے عوامی نیشنل پارٹی اس طرح اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کر تی ہے ۔
دہشت گردی ایک ناسور ہے اور اس ناسور کو ختم کرنے کے لئے سب کو اپنا کردا راداکر ونگا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ایک پرامن سیاسی جماعت ہے اور ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے۔
صوبائی وزیر ریونیومنظور احمد کاکڑ نے کوئٹہ کے نواحی علاقے نوحصار میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ نوحصار ایک پرامن علاقہ ہے اور یہاں پر ایک سازش کے تحت دہشت گرد علاقے کی امن وامان کی صورتحال کوخراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ہمارے حلقے میں کسی کو بھی حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔
اپنے جاری کر دہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نوحصار میں جس طرح ایف سی کی چیک پر جس طرح خودکش حملہ کیا گیا اور4 اہلکار شہید ہوئے اس کی ہم مذمت کر تے ہے اور ساتھ ساتھ ہی کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ پر ڈی ایس پی کے گاڑی کو دہشت گردوں نے نشانہ بنایا اور دو اہلکار شہید ہوئے اس کی بھی ہم مذمت کر تے ہیں اور کسی کو بھی اپنے حلقے میں حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے ۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت حالات کو پرامن بنانے کے لئے بھر پور کر دا رادا کر رہی ہے،
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں سمنگلی روڈ پردہشتگردوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اورامن وامان قائم رکھنے والے اداروں پر زور دیا گیا ہے کہ دہشتگردی کے اس واقعہ میں ملوث عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دن دہاڑے دہشتگردوں نے پولیس افیسر ڈی ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی اور گاڑی بلٹ پروف ہونے کے بدولت ڈی ایس پی حمید اللہ دستی اور ان کے ڈرائیور بال بال بچ گئے جبکہ پیچھے بیٹھے دو پولیس اہلکاروں شہید ہوگئے ۔
بیان میں کہاگیا ہے کہ متعلقہ انتظامی اور سیکورٹی اداروں کے ایسے عوام دشمن اور وحشت ناک دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ملزموں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھرپور بروقت اور مسلسل اقدامات کے ذریعے ہی اس کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے جبکہ مخصوص وقت سے اعلیٰ پولیس افیسران اور پولیس سپاہیوں کو ٹارگٹ کرنے کا مقصد پولیس فورس کا مورال گرانے اور انہیں پسپا کرکے اپنے ناروا عزائم کی تکمیل کرنا ہے ۔
بلوچستان متحدہ محاذ کے چیئرمین وپاکستان پرست رہنماء نوابزادہ میر سراج رئیسانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ڈی ایس پی کے گاڑی پر حملہ اور دو اہلکاروں کی شہادت پر افسو س کا اظہار کر تے ہیں ۔
ملک دشمن عناصر کبھی بھی بلوچستان کو پرامن نہیں دیکھنا چا ہتے لیکن دشمنوں کے عزائم کو ہر صورت ناکام بنائینگے فورسز نے قربانیاں دے کر امن وامان کے صورتحال کو بہتر بنایا
اپنے جاری کر دہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سمنگلی روڈ پر جس طرح دہشت گردوں نے ڈی ایس پی کی گاڑی کونشانہ بنایا جس میں دو اہلکار شہید ہو گئے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں جس طرح پولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا ہے اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہونی چا ہئے پیپلز پارٹی اس طرح واقعات پر خاموش نہیں رہ سکتی ۔
اپنے جاری کر دہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جس طرح ایک با رپھر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کی اشد ضرورت ہے کیونکہ کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال کو بحال کرنے میں پولیس اور فورسز نے بڑا کردار ادا کیا ہے اس لئے اب وقت آگیا ہے کہ ان دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے ۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر سردارطارق احمد جعفری نے کوئٹہ میں ایف سی کیمپ پر خود کش حملے اور پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے سیکورٹی فورسز اور پولیس پرحملے قابل مذمت ہے ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ میں جانوں کے نذرانے دینے والے سیکورٹی اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اورسیکورٹی اداروں کا کردار قابل تعریف ہے سیکورٹی فورسز کے اہلکار اپنی جانوں کی پروا کئے بغیر عوام کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خود کش حملے اور فائرنگ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دونوں واقعات میں ملوث اصل ملزمان اورانکے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
طارق احمد جعفری نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ خود کش حملے اور فائرنگ میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔