|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ کی احتساب عدالت نے جعلی ہاؤسنگ اسکیم کے نام پر لوگوں کو لوٹنے والے دو ملزمان کو قید اور جرمانے کی سزائیں سنادیں۔

نیب کے مطابق ملزم سید محسن علی نے کوئٹہ کے علاقے بروری میں گلشن حسن ہاوسنگ اسکیم اور بلیلی کے علاقے میں پائن ٹاؤن کے نام سے ہاؤسنگ سکیمز شروع کیں جس میں عوام الناس سے پلاٹوں کی مد میں رقومات وصول کی گئی جبکہ قبضہ کسی کو نہیں دیاگیا۔

متاثرین نے اس ضمن میں قومی احتساب بیورو بلوچستان سے رجوع کیا تو نیب نے ملزم کیخلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا۔احتساب عدالت کے جج مجید ناصر نے نیب پراسیکیوٹر راشد گولڑہ اور نیب کی تحقیقاتی ٹیم کی تحقیقات کی روشنی میں گلشن حسن ہاوسنگ اسکیم میں ملزم سید محسن علی کو پانچ سال سزا اور 92لاکھ روپے کے جرمانہ کی سزا جبکہ شریک ملزم روحی محمد اچکزئی کو 3سال قید اور9لاکھ روپے جرمانہ کی سزاسنادی۔

واضح رہے احتساب عدالت کے جج مجید ناصر نے چند دن قبل پائن ہاوسنگ اسکیم میں بھی فیصلہ سناتے ہوئے ملزم سید محسن علی کو پانچ سال سزا اور ستاسی لاکھ روپے کے جرمانہ کی سزاسنائی۔