|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2018

کوئٹہ:  کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں غیر معمولی تیزی ، گزشتہ روز کوئٹہ شہر کے عین وسط میں ٹارگٹ کلنگ کے مزید دو واقعات میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب گزشتہ روز کاسی روڈ پر مسلح افراد نے فا ئرنگ کر کے ایکسائز کانسٹیبل حفیظ شاہ سکنہ کاسی روڈ کو شہید کر کے فرار ہو گئے مقتول کی نعش کو ضا بطے کی کا رروائی کے بعد ورثا کے حوا لے کر دی گئی ، جبکہ مزید تحقیقات جا ری ہے۔

جمعرات کے صبح کرانی روڈ کلی چاکر خان میں نامعلوم مسلح افراد نے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص محمد حنیف ولد محمد حسن جاں بحق جبکہ غلام عباسی ولد موسی شدید زخمی ہوگیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو بی ایم سی منتقل کردیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔

پولیس حکام کا کہناہے کہ فائرنگ کی زد میں آنیوالے افراد نشے کے عادی تھے اور وہ مذکورہ علاقے میں واقع ویرانی میں نشہ کرتے تھے پولیس نے واقع کی تحقیقات شروع کردی ہیں دوسری جانب ہزارہ برداری سے تعلق رکھنے والے افراد نے ٹارگٹ کلنگ کے واقع کیخلاف مغربی بائی پاس پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلاکر سڑک بلاک کردی جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی بعد ازاں مظاہرین پرامن طورپر منتشر ہوگئے ۔