کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ایسا فیصلہ ہو گا جس سے ملک میں بہتری آئے گی پیپلزپارٹی‘ تحریک انصاف اور ہم مشترکہ طورپر چیئرمین سینٹ و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب کریں گے امید کرتے ہیں کہ اچھا فیصلہ ہوگا ۔
ہم نے بات رکھ دی ہے کہ چیئرمین سینٹ بلوچستان سے ہونا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس نے کہا کہ پیپلزپارٹی تحریک انصاف کے علاوہ فاٹا اورجمعیت علماء اسلام سے بھی بات چیت جاری ہے ۔
ہم نے آصف علی زرداری کو اختیار نہیں دیا صرف مشترکہ امیدوار لانے کی بات کی پیپلزپارٹی کو کبھی یہ اختیار نہیں دیا کہ وہ سینٹ چیئرمین کا انتخاب کریں امید کرتے ہیں کہ اچھا فیصلہ ہوگا سیاست میں حرف آخر کچھ نہیں ہے جو بھی فیصلہ ہوگا مشترکہ طورپر ہوگا ایسا فیصلہ ہوگا جس سے ملک میں بہتری آئے گی ۔
ہم نے بات رکھ دی ہے چیئرمین سینٹ بلوچستان سے ہونا چاہئے جس طرح عمران خان نے دل بڑا کیا وہ بھی ہمارے لئے اچھا فیصلہ تھا خان صاحب نے اپنے سینیٹرز بھی ہمارے حوالے کردیئے ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے نو منتخب سینٹیرز کی قیادت کرتے ہوئے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماشاہ محمود قریشی ،اسد عمر ،جہانگیر ترین، سینٹیرز سید شبلی فراز، محسن عزیز، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر ،سینٹیرز ایوب آفریدی، اعظم سواتی ،فدامحمد خان، نعمان وزیر ،بریگیڈئر(ر) جون کنتھ ولیم اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان اپنے گروپ کے تمام نو منتخب سینٹیرز کے ہمراہ تھے جبکہ فاٹا سے سینٹیر اورنگزیب خان بھی اس موقع پر موجودتھے۔
اس دوران انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور، بالخصوص چیئرمین اورڈپٹی چیئرمین سینٹ کے اگلے الیکشن کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیالات کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک اور پی ٹی آئی کے وفدنے بلوچستان کے وفد کو بتایا کہ وفاق پاکستان کے وسیع ترمفاد میں پاکستان تحریک انصاف نے فیصلہ کیاہے کہ چیئرمین کے لئے بلوچستان کے امیدوار اور ڈپٹی چیئرمین کے لئے فاٹا کے امیدوار کی متفقہ اور غیر مشروط حمایت کی جائے گی۔
اس لئے اب یہ بلوچستان اور فاٹا کے سینٹیرز پرہے کہ وہ اپنے لئے پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کریں۔ انہیں یہ بھی یقین دلایاگیا کہ بلوچستان کے لوگوں میں احساس محرومی اور فاٹا کے لوگوں کی قربانیوں کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف،سینٹیر ز کے دیگر ہم خیال گروپوں اورسیاسی پارٹیوں کو بھی اس جانب راغب کرنے کی کوششیں کرے گی۔اس لئے اس موقع پر فیصلہ کیاگیاکہ اس تجویز پردیگر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ تبادلہ خیالات کرکے جلدہی ایک متفقہ فیصلہ کیاجائیگا۔
پی پی ،پی ٹی آئی اور ہم مشرکہ طور پر چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا انتخاب کرینگے،قدوس بزنجو
![]()
وقتِ اشاعت : March 10 – 2018