|

وقتِ اشاعت :   May 2 – 2018

کوئٹہ: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خصوصی دورے پر منگل کی شپ کوئٹہ پہنچ گئے ۔ کوئٹہ پہنچتے ہی کور ہیڈ کوارٹر کوئٹہ کینٹ میں ہزارہ کمیونٹی کے مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں اور عمائدین سے ملاقات کی آرمی چیف کے ہمراہ وزیرداخلہ احسن اقبال اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور بھی کوئٹہ پہنچے ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ آئی جی ایف سی ، آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے ۔ 

ملاقات میں کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر جاری دھرنوں کے خاتمہ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہزارہ کمیونٹی کی جانب سے سیاسی مذہبی اور سماجی رہنماؤں نے آرمی چیف سے ملاقات کی واضح رہے کہ کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کیخلاف ہزارہ کمیونٹی نے شہر کے پانچ مقامات پر احتجاج دھرنے دے رکھی ہے ۔

اور انکا مطالبہ ہے کہ آرمی چیف سے ملاقات کے بعد ہی وہ اپنے دھرنے ختم کرینگے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ کوئٹہ آئے اور کمیونٹی کے رہنماؤں سے بات چیت کی تھی تاہم وہ ناکام رہے جس کے بعد منگل کی شب آرمی چیف دھرنے مظاہرین سے ملاقات کیلئے کوئٹہ پہنچے ہیں ۔ ملاقات میں کوئٹہ شہر کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہزارہ کمیونٹی کے عمائدین نے طویل عرصہ سے جاری ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے اپنے خیالات سے آرمی چیف کو آگاہ کیا ۔

دھرنا دینے والوں میں سے بعض کا کہنا ہے کہ وہ آج اپنا دھرنا ختم کرنے پر غور کریں گے تاہم پریس کلب کے سامنے بھوک ہڑتال پر بیٹھی جلیلہ حیدر کی بہن ڈاکٹر عالیہ حیدر نے ٹوئیٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ جلیلہ حیدر نے کینٹ میں ملاقات سے انکار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکام دھرنے میں آکر یقین دہانی کرائیں۔ رات گئے تک دھرنے ختم کرنے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا ۔