کوئٹہ: کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ ایک اور نوجوان کو قتل کردیاگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزارگنجی میں چمن پارکنگ کے قریب نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار شخص کو گولیاں مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
مقتول کی لاش بولان میڈیکل ہسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی شناخت 24سالہ شاہ نواز ولد محمد صادق محمد حسنی کے نام سے ہوئی جو ہزارگنجی کے علاقے لالہ آباد کا رہائشی تھا۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد دو تھی جو واردات کے بعدموٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق یہ اندھے قتل کا واقعہ ہے ۔ مقتول کے رشتہ داروں نے بھی بتایا ہے کہ ان کی کسی سے دشمنی نہیں۔ پولیس نے شاہ نواز کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ شالکوٹ میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور واقعہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔
کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا
وقتِ اشاعت : June 22 – 2018