|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2018

گوادر : بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و این اے 272 لسبیلہ گوادر کے امیدوار سردار اختر جان مینگل گوادر پہنچ گئے۔ 

ایئر پورٹ پر کارکنوں کی جانب سے فقدالمثال استقبال۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و این اے 272 لسبیلہ گوادر کے امیدوار سردار اختر جان مینگل انتخابی دورے پر منگل کی صبح گوادر پہنچ گئے۔ ائیرپورٹ پہنچنے پر پارٹی کے مرکزی رہنما ، سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے اور پی بی 51 گوادر کے امیدوار میر حمل کلمتی ، پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنوں نے ان کا استقبال کیا۔ 

اس موقع پر میجر جمیل دشتی، قاسم دشتی، میر حمل بلوچ، حمید ایڈوکیٹ ، لالا رشید، قاسم رونجھو اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سردار اختر جان مینگل ایئر پورٹ سے سیدھا پسنی روانہ ہوئے ۔

جہاں انھوں نے سابق ایم این اے و پارٹی کے سینئر رہنما سید عیسیٰ نوری کے گھر جاکر ان کی بہو کی رحلت پر اظہار تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ سردار اختر جان مینگل کل گوادر میں انتخابی سلسلے میں پارٹی رہنماؤں ، کارکنوں اور دیگر متعبرین سے ملاقاتیں کرینگے۔