|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2018

کوئٹہ: کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کا ریٹائرڈ سب انسپکٹر شہید ہوگیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کوئٹہ کے علاقے زرغون آباد تھانہ کی حدود میں نواں کلی بائی پاس فیز ٹو میں پیش آیا۔ 

نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے نور سلطان ولد صالح محمد قوم اعوان کو زخمی کردیا۔ وہ اپنے گھر سے نکل کر ظہر کی نماز پڑھنے کیلئے مسجد کی طرف جارہے تھے160۔ گھر کے قریب ہی انہیں نشانہ بنایا گیا۔

زخمی کو فوری طور پر قریب واقع ایف سی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کو سر اور سینے پر پانچ گولیاں لگی تھیں اور انہیں تشویشناک حالت میں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا۔ چار سے پانچ گھنٹے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخمی نور سلطان دم توڑ گیا۔ 

پولیس کے مطابق نور سلطان پولیس میں سب انسپکٹر تھا اور کچھ عرصہ قبل ریٹائرڈ ہوا تھا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور وں کی تعداد دو تھی جو موٹر سائیکل پر سوار تھے اور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ جائے وقوعہ سے بائیس بور پستول کے چھ خول ملے ہیں۔ پولیس نے واقعہ کی ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی ہے۔