|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی نے ہالینڈمیں گستاخانہ خاکوں کیخلاف مذمتی قرار داد منظور کرلی۔ 

حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مشترکہ قرار داد متحدہ مجلس عمل کے ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے ایوان میں پیش کی جس کو ایوان نے اکثریت رائے سے منظور کیا ۔ قرار پیش کرتے ہوئے ملک سکندر ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ہالینڈ کی پارلیمنٹ میں جس طرح حضور پاک ﷺ کے خاکوں کے ذریعے توہین کی گئی ہے وہ ناقابل برداشت اور قابل مذمت ہے پارلیمنٹ کے ذریعے ہم بتانا چاہتے ہیں کہ مسلمان کسی بھی صورت ان چیزوں کو برداشت نہیں کریں گے ۔

تمام مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ اس طرح کے حالات وواقعات سے مذاہب کی جنگیں شروع ہوتی ہیں اور جان بوجھ کر حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ہالینڈ پارلیمنٹ میں جو حرکت کی گئی ہے یہ مسلمانوں کے لئے چیلنج ہے ہم پورے ایوان کی جانب سے اس کی مذمت کرتے ہیں ۔