کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل، لورالائی، قلعہ سیف اللہ اور مستونگ میں ٹریفک حادثات میں ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت سات افراد جاں بحق اور دس سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق موسیٰ خیل کی تحصیل درگ کے پہاڑی علاقے تنگی سر میں خانہ بدوشوں کو لے جانیوالی ٹریکٹر ٹرالی سینکڑوں فٹ بلندی سے گہری کھائی میں جا گری۔لیویز کے مطابق ھادثہ ٹریکٹر کا بریک فیل ہونے کی وجہ سے پیش آیا جس کے نتیجے میں ٹرالی میں سوار تین خواتین سمیت چار افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں شاوزیر،شائستہ بی بی،بی بی زرپانڑا اور بی بی بلبلہ جبکہ زخمیوں میں عالم جان،نصراللہ،صدیق اللہ،بی بی فاطمہ اور جلال شامل ہیں۔زخمی اور مرنے والے تمام افراد کا تعلق ژوب کے ایک ہی خاندان سے ہے جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور باپ بیٹی بھی شامل ہیں ۔
حادثے کے بعد لیویز حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کو درگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ یاد رہے کہ سردیوں میں ہر سال سینکڑوں خانہ بدوش خاندان بلوچستان سے ہجرت کرکے پنجاب کے گرم علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ ادھرلورلاائی کے علاقے کلی چینہ علیزئی کے میں تیز رفتار کار اور موٹرسائیکل میں تصادم ہوا۔لیویز کے مطابق حادثے میں موٹر سائیکل سوار بیت اللہ جاں بحق ہوگیا۔
علاوہ ازیں قلعہ سیف اللہ اور پشین کے درمیانی علاقے کان مہترزئی کے علاقے میں ٹوڈی گاڑی اور ویگن میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ 6افراد زخمی ہوگئے لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیاگیاجہاں سے تین زخمیوں کو طبی امداد کیلئے کوئٹہ ریفرکردیاگیا۔
دریں اثناء مستونگ کے علاقے دشت تیراہ مل کے مقام پر کوئٹہ سبی شاہراہ پر اینٹوں سے بھرا ٹریکٹر ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگرا جس کے نتیجے میں ڈرائیورعبدالحکیم جاں بحق جبکہ مزدور لعل محمد زخمی ہوگیا۔
مستونگ ، موسیٰ خیل اور قلعہ سیف اللہ میں ٹریفک حادثات 7افراد جاں بحق ،دس زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : September 12 – 2018