کوئٹہ: محرم الحرام کے دوران قیام امن کے پیش نظر 10اضلاع میں دفعہ 144نافذ، یوم عاشورہ تک ڈبل سوری پر پابندی عائد، تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے دوران قیام امن کے پیش نظر محکمہ داخلہ بلوچستان نے صوبے کے 10اضلاع میں دفعہ 144نافذ کرتے ہوئے یوم عاشورہ تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور 127علماء کرام و ذاکرین کی آمد رفت پر پابندی عائد کردی۔
ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق سیکورٹی کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ داخلہ بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی پلان تشکیل دیا ہے جس کے تحت یکم محرم الحرام سے یوم عاشورہ تک بلوچستان کے10اضلاع میں دفعہ 144 نافذ رہے گی ۔
جس کے تحت کوئٹہ،جعفر آباد ،سبی، خضدار، لورالائی ،ہرنائی،نصیر آباد، کچھی ،بولان اورمستونگ میں 21ستمبر تک مختلف مسلک سے تعلق رکھنے والے 127علماء کرام اور ذاکرین کی بلوچستان آمد اور بلوچستان سے دیگر صوبوں میں جانے پر پابندی ہوگی۔
دفعہ 144 کے تحت صوبے کے 10 اضلاع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی جبکہ آتش گیر مواد،اسلحہ کی نمائش،لاوڈ اسپیکر پر اشتعال انگیر تقاریر اور مذہبی منافرت پھیلانے والے مواد رکھنے پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران امام بارگاہوں اور عاشورہ جلوس کے روٹ پر گھروں اور دکانوں کو کرائے پر دینے اورعاشورہ جلوس کے روٹ پر آنیوالے گھروں و دکانوں کے چھتوں پر شہریوں کے چڑھ کر جلوس دیکھنے پر پابندی عائد ہوگی عاشورہ جلوس کے موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ کسی کو بھی اثتثنی نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر داخلہ محمد سلیم کھوسہ نے کہاہے کہ محرم الحرام کے سیکیورٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کو بہتر کرنے کے ساتھ نہ صرف سخت کئے جائیں بلکہ فول پروف بھی ہوں ۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز سینٹرل پولیس آفس میں محرم الحرام کے حوالے سے پولیس کی جانب سے دی گئی بریفنگ کے دوران کہی ۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری داخلہ حیدر علی شکوہ ، ایڈیشنل آئی جی پولیس منظور سرور چوہدری، ریجنل پولیس آفیسر و ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ و دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔
صوبائی وزیر داخلہ کومحرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتا یا گیا کہ یکم تا دسویں محرم بیس ہزار پولیس کے آفیسر ان اور جوان تعینات ہوں گے جبکہ اس کے علاوہ فرنٹیئر کور کے جوان بھی ہوں گے ۔ اسی طرح جلو س کے روٹس اور دیگرحساس مقامات پر 130 کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔
انہیں بتایا گیا کہ کوئٹہ میں مزید 48 ناکہ جات اور موبائل گشت میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ چیکنگ کے نظام کو مزیدبہتر بنایا جائے گا ۔ انہیں بتایا گیا کہ شہر میں ہوٹلوں ، سراؤں اور کرایہ کی رہائش گاہوں اور رہائش پذیر افراد کے ریکارڈ کی چیکنگ کا کام جاری ہے انہیں بتایا گیا کہ جلوس کی مانیٹرنگ کیلئے براہ راست قائم کئے گئے 2 کنٹرول رومز ہوں گے ۔
صوبائی وزیر داخلہ محمد سلیم کھوسہ نے محرم جلوس کے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکتبہ ہائے فکر کے افراد مثبت کردار ادا کرتے رہے ہیں اور کرینگے ۔
انہوں نے کہاکہ یہاں رہنے والوں کا مسلک میں کوئی اختلافات نہیں ہے البتہ ہمارا مسئلہ دہشت گردی ہے جس کو ہم اتحاد کے ساتھ جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی افواہوں کو یکسر مسترد کردیں گے ۔
ادھر ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہاہے کہ 7ویں محرم الحرام کی جلوس کیلئے3ہزار جبکہ یوم عاشور کیلئے 5ہزار 2سو پولیس اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں ،کوئٹہ شہر میں مجموعی طورپر 56امام بارگاہیں اور 17تکیہ خانہ جات موجودہیں جہاں سیکورٹی کیلئے اضافی افسران اور نفری تعینات کی گئی ہیں بلکہ حساس امام بارگاہوں پر واک تھر وگیٹس بھی نصب کئے گئے ،کالعدم تنظیموں کی جانب سے تھریٹس ملے ہیں ۔
اس لئے سیکورٹی کی انتہائی موثر انتظامات کردئیے گئے ہیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ،فرنٹیئرکور بلوچستان کے برگیڈیر تصور ،بلوچستان شیعہ کانفرس کے صدر داؤد آغا ودیگرکے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کی سیکورٹی کیلئے پولیس اور ایف سی مل کر انتظامات کررہی ہے مجموعی طور پر 56 امام بارگاہوں اور 17 تکیہ خانہ جات شہر میں موجود ہیں، یکم محرم سے تمام بارگاہوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مجالس اور تکیہ خانہ جات اضافی افسران اور نفری لگائی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ امام بارگاہوں کی جانب جانے والے 68 مقامات پر ناکہ بندی کی گئی ہے، شہر میں حساس امام بارگاہوں پر واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں۔
6 سے 9 محرم الحرام کے دوران علم کے جلوسوں کی سیکورٹی کیلئے علیحدہ انتظام کیا گیا ہے ،7محرم کے جلوس کی سیکورٹی کیلئے 3 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، ایف سی اہلکار کی اضافی نفری بھی 7 محرم الحرام کے جلوس کیلئے تعینات کی جائے گی، کالعدم تنظیموں کی جانب سے تھریٹس ملے ہیں جس کے تناظر میں سیکورٹی مزید سخت اور کئے گئے ہیں، یوم عاشورہ پر 5200 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
یوم عاشورہ پر ایف سی اور بلوچستان کانسٹبلری کی بھاری نفری بھی تعینات ہو گی، جلوس کے راستے میں تمام مسافر خانے، دکانیں اور ہوٹل سیل کئے جائیں گے، دوران محرم پاک آرمی کی تین بٹالین سٹینڈ بائی رہیں گی۔
7 اور 10 محرم کی جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، یوم عاشورہ پر جلوس کی گزرگاہ میں موجود مساجد میں نماز کے وقت کا بھی تعین کیا گیا ہے، جلوس کے روٹ پر 50 پرانے اور 80 نئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔
محرم الحرام ، 10اضلاع میں دفعہ 144نافذ ، سیکورٹی کے انتظامات سخت ہونگے ، پولیس
![]()
وقتِ اشاعت : September 15 – 2018