چین کے صدرشی جن پنگ اور امریکی صدرجوبائیڈن کےدرمیان گذشتہ سات ماہ میں پہلی مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔چینی سرکاری میڈیا کےمطابق دونوں رہنماؤں کےدرمیان گفتگو میں رابطے برقرار رکھنے، ورکنگ ٹیموں کی سطح پر رابطے بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے۔
طالبان نے سابق افغانستان حکومت سے تعلق رکھنے والے کئی حکام کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے۔افغان خبر رساں ادارے طلوع کے مطابق طالبان کے ثقافتی کمیشن کے رکن انعام اللہ سمنگانی نے بتایا کہ گزشتہ حکومت کے لیے کام کرنے والے کچھ افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے ہیں۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کا کہناہے کہ کالعدم تنظیموں کو افغانستان میں پیر جمانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔افغانستان کی صورتحال پراقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا ہے کہ ماضی میں افغان سرزمین کو دوسرے ملکوں کے خلاف استعمال کیا گیا۔ امید ہے افغان سر زمین دوسرے ممالک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ افغانستان کو اس کے اقتصادی وسائل تک رسائی دینے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کے منجمند اکاونٹس کی بحالی ضروری ہے۔ عالمی برادری انسانی بنیادوں پر کابل کی امداد کرے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو افغانستان میں طالبان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا ہوں گے۔ اور اس کی بنیاد افغان عوام کے ساتھ یکجہتی ہونا چاہیے۔افغانستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ افغانستان میں معاشی بدحالی سے ممکنہ طور پر لاکھوں افراد ہلاک ہوسکتے ہیں۔ لاکھوں افراد کو بھوک کے باعث موت کے منہ میں جانے سے روکنا ہوگا۔
امریکا کی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنس کے بھارت کا دورہ کرنے کی اطلاعات ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق سی آئی اے چیف ولیم برنس نے منگل کو نئی دہلی میں بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول سے ملاقات کی تاہم ملاقات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ افغانستان میں 31 اگست کے بعد رہ جانے والے غیر ملکیوں کے انخلاء پر طالبان رضا مند ہوگئے۔امریکی حکام کے مطابق افغانستان میں رہ جانے والے ان غیر ملکیوں میں 200 امریکی اور دیگر ممالک کے لوگ شامل ہیں۔
واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ طالبان سے تعلقات ان کے رویہ پر منحصر ہے لہذا انہیں صرف باتیں نہیں بلکہ عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔افغان خبررساں ادارے سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکا القائدہ کو ختم کرنے کے لیے آیا تھا لہذا ہم اپنے مقصد میں کامیاب رہے، ایک صدی پہلے اسامہ بن لادن کو انصاف کے کٹھرے میں لایا گیا جب کہ بحیثیت تنظیم القائدہ کو اس قابل نہیں چھوڑا کہ اب وہ کسی اور ملک کو نشانہ بناسکے۔
اسلام آباد: حکومت پاکستان نے افغانستان کے عوام کے لئے انسانی بنیادوں پر خوراک اور ادویات پر مشتمل امدادی سامان بھجوادی۔تین ’سی۔ 130‘ جہاز امدادی سامان لے کر افغانستان پہنچ گئے۔ فوری امدادی سامان کی بذریعہ ہوائی جہاز فراہمی کے بعد مزید سامان سڑک کے راستے بھجوانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے دنیا کے تمام ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سال کے آخر تک کورونا کی اضافی بوسٹر ویکسین نہ لگوائیں۔ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں کروڑوں افراد ایسے ہیں جنہیں کورونا کی ایک ویکسین بھی نہیں لگی، امیر ممالک غریب ملکوں کے لیے ویکسین کی پہلی خوراک یقینی بنائیں۔
طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمداللہ واثق کا کہنا ہے کہ خواتین کو کرکٹ سمیت کسی بھی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیں گے جس میں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہ ہو۔آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طالبان رہنما کا کہنا تھا کہ خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا نہ تو مناسب ہے اور نہ ہی ضروری ہے، مخالفین کے ردعمل کی وجہ سے اسلامی اقدار کو پامال نہیں کریں گے۔