|

وقتِ اشاعت :   December 12 – 2018

کوئٹہ: فرنٹئیرکور بلوچستان نے ژوب اور سبی میں دہشتگردی کے منصوبے ناکام بناکر بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔

ترجمان ایف سی کے مطابق آپریشن رد الفساد کے تحت ژوب سے ملحقہ پاک افغان سرحدی علاقے میں ایف سی اور خفیہ ادارے نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کارروائی کی جس کے دوران ایک ہزار 212 کلو دھماکہ خیز مواد، 13عدد راکٹ برآمد کرلئے گئے۔

سبی میں بھی دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کی موجودگی کی اطلاع پر ایف سی نے کارروائی کی جس کے دوران 20کلو دھماکہ خیز مواد ، 2عدد ٹینک شکن بارودی سرنگ، دس عدد مارٹر گولے اور 4 مختلف اقسام کے راکٹ گولے برآمد کر لئے۔ایف سی ترجمان کے مطابق دہشت گرد دھماکہ خیز مواد اور اسلحہ تخریب کاری کے لئے استعمال کرنا چاہتے تھے تاہم بروقت کارروائی سے یہ منصو بے ناکام بنا دئیے گئے۔

گوادر کے علاقے پسنی سے سیکورٹی فورسز نے اسلحہ برآمد کرلیا۔ تفصیل کے مطابق گوادر کے علاقے پسنی کے وارڈ نمبر سات میں ایک خالی پلاٹ پر خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا اور وہاں زمین میں دفن کیا گیا اسلحہ برآمد کرلیا۔ اسلحہ میں ایک کلاشنکوف بمعہ میگزین، ایک تیس بور پستول اور اس کے تیس کارتو س شامل ہیں تاہم کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔