|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2018

کوئٹہ:  نیب بلوچستان نے میگا کرپشن کیس میں برآمد ہونے والے 46,25,75,736روپے کا چیک بلوچستان حکومت کے سپرد کردیا ڈی جی نیب بلوچستان عابد جاوید نے چیک وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے سپرد کیا ۔مذکورہ رقم سابق مشیر خزانہ میر خالد لانگو اور مشتاق رئیسانی کے کرپشن اسکینڈل میں برآمد کی گئی تھی۔

چیک کو حکومت بلوچستان کو حوالے کرنے سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابد جاوید کا کہنا تھا کہصوبائی حکومت کا تعاون حاصل ہو تو کرپشن کے تدارک کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔ ہمیں کرپشن کی بیخ کنی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کرپشن کے خاتمے کے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی اقسام قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی پہلی تقریر میں بیان کیں تھیں نیب کی کوشش ہے کہ لوٹی ہوئی رقم ریکور کرکے حکومت کے حوالے کریں۔ نیب نے مختلف محکموں کو فنڈز جاری نہ کرنے کے لیٹرز لکھے، ایسا آئندہ نہیں ہوگا ۔

ہمیں تفصیلات کی فراہمی میں سیکرٹریز کی جانب سے تعاون حاصل نہیں ہوتا سیکرٹریز معلومات کی فراہمی بہتر ہو تو کرپشن کے ناسور کا تدارک ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے۔

اس موقع پر ڈی جی نیب عابد جاوید نے ریکور کی گئی 46کروڑ روپے سے زائد کی رقم کا چیک وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے حوالے کیا۔