|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2019

کوئٹہ +نوشکی +کچھی: مستونگ،نوشکی اور ڈھاڈر میں ٹریفک کے مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 18زخمی ہوئے ، تفصیلات جنگلات کے مقام پر قومی شاہراہ پر گردی جنگل جانے والے مسافر کوچ اور ایران سے آنے والے ٹرالر میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد شدید زخمی ہوئے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ منتقل کیا گیا ڈی ایچ او صاحبزادہ ڈاکٹر فرید احمد کے مطابق زخمیوں کی حالت نازک ہے ۔

سول ہسپتال اور حاجی میر ولی محمد بادینی ٹرسٹ کے ایمبولینس کے زریعے زخمیوں کو کوئٹہ ریفر کیا گیا رضاکاروں نے مریضوں کو خون عطیہ کی۔علاوہ ازیں مستونگ میں آئل ٹینکر اور مزدا ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ حادثے کے نتیجے میں سڑک پر تیل بہنے کے باعث کوئٹہ کراچی شاہراہ کو آمدروفت کیلئے بند کردیا گیا۔

لیویز کے مطابق بدھ کو مستونگ کے علاقے بائی پاس کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کوئٹہ سے کراچی جانیوالے آئل ٹینکر اور مخالف سمت سے آنیوالے مزدا ٹرک میں ٹکر ہوئی۔ حادثے کے نتیجے میں مزدا ٹرک میں سوار کوئٹہ گنج پائی پاس کا رہائشی نور علی ولد عثمان غنی اچکزئی جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ٹینکر ڈرائیور محمد بخش ولد رحیم خان، مزدا ٹرک ڈرائیور گل محمد ،احمد شاہ ولد آغا محمد اور ضیاء الحق ولد حاجی عبداللہ شامل ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ 

حادثے کے باعث آئل ٹینکر بھی الٹ گیا اور اس سے بھاری مقدار میں تیل رس کر سڑک پر پھیل گیا۔ پھسلنے اور آتشزدگی کے خطرے کے پیش نظر لیویز نے بائی پاس کوئٹہ کراچی شاہراہ کو ہر قسم کی آمدروفت کیلئے بند کردیا اور سڑک کی صفائی کا کام شروع کردیا۔ 

لیویز کا کہنا ہے کہ آمدروفت کیلئے شہر کے اندر سے گزرنے والی متبادل سڑک اختیار کی جارہی ہے ،دریں اثناء ڈھاڈر کے علاقے سراج آباد میں 2 ٹوڈی گاڑیوں کے بیچ میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد عبدالستار ، بشیر احمد ، تاج محمد ،نادر علی ، آزاد خان زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال ڈھاڈر اور سی ایم ایچ سبی منتقل کردیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد دی جارہی ہے ۔