سکھر میں ایران سے آنے والے 13 زائرین میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پاکستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 53 ہوگئی ہے۔
حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ تفتان سے سکھر آنے والے 13 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ افراد ان زائرین میں شامل تھے جنھیں وطن واپسی پر قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
اس سے قبل محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں مزید 4 کورونا وائرس کیسز کی تصدیق کردی ہے جب کہ اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا ہے۔
So far 13 people have tested positive of #COVIDー19 from amongst the people who arrived in Sukkur from Taaftaan. These people were purportedly kept in quarantine at the border
— SenatorMurtaza Wahab (@murtazawahab1) March 15, 2020ترجمان پمز کے مطابق کورونا سے متاثرہ خاتون کے شوہر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد دونوں میاں بیوی کو پمز کے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے، پمز میں داخل خاتون اپنے شوہر و بچوں کے ہمراہ یوکے سے پاکستان آئی تھیں تاہم آج شوہر میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ترجمان پمز کا کہنا ہے کہ پمز میں کورونا سے متاثرہ 4 کنفرم مریض داخل ہیں، چاروں مریضوں کو آئیسولیشن وارڈ میں داخل کردیا ہے جب کہ کورونا کے شبہ میں روزانہ درجنوں لوگ ٹیسٹ کے لیے آرہے ہیں، روزانہ 4 سے 5 مشتبہ مریض سامنے آرہے ہیں جن کے نمونے ٹیسٹ کے لیے این آئی ایچ بھجوائے جاتے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے کراچی میں کورونا وائرس کے مزید 4 کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 متاثرہ افراد کچھ دن قبل سعودی عرب سے کراچی پہنچے تھے جن میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ ایک متاثرہ شخص کی سفری تفصیلات معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سندھ میں کرونا وائرس سے متاثر مریضوں کی تعداد 35 ہوگئی ہے جس میں سے 2 صحت یاب ہوکو گھر جا چکے ہیں جب کہ بلوچستان میں 10، گلگت بلتستان میں 3، لاہور میں ایک اوراسلام آباد میں 4 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔