|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2020

کورونا وائرس کے باعث صوبہ سندھ میں مزید دو ہلاکتوں کے بعد پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے جب کہ مزید 70 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 1670 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں عالمگیر وبا کے باعث 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے جو کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک ہی دن سامنے آنے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آج  سندھ میں 6، پنجاب میں 45، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں تین تین، گلگت بلتستان میں 5  اور اسلام آباد میں 8 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 

کورونا کے حوالے سے قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی ویب سائٹ کے مطابق ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 20 جب کہ گلگت بلتستان اور تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے فراہم کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 19 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔  

پنجاب

پنجاب میں آج مزید 45 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 638 ہو گئی ہے جب کہ 6 افراد جاں بحق بھی ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق اس وقت لاہور میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 126  ہے جب کہ گجرات میں 62، جہلم میں 28، راولپنڈی میں 40،  ننکانہ میں 13، گجرانوالہ میں 11، فیصل آباد میں 9، ڈی جی خان اور حافظ آباد میں پانچ پانچ، منڈی بہاوالدین میں 4، میانوالی میں 3 جب کہ ملتان، رحیم یار خان، وہاڑی، سرگودھا اور بہاولنگر میں دو دو مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نارووال، اٹک، خوشاب، بہاولپور اور قصور میں ایک ایک مریض میں کورونا وائرس پایا گیا ہے ۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے کے مختلف شہروں میں قائم قرنطینہ مراکز میں موجود مریضوں کی تعداد 318 ہے۔

اتوار کو صوبے میں مزید 36 کیس رپورٹ ہوئے  جب کہ ایک 68 سالہ خاتون بھی  اسی مہلک وائرس کے باعث انتقال کر گئیں۔ 

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے مطابق سعودی عرب سے آنے والی 68 سالہ خاتون رحیم یار خان میں زیر علاج تھیں۔

خیال رہے کہ صوبے میں اب تک 5 افراد صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ میں مزید دو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 5 جب کہ 6 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 508 ہو گئی ہے۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی جب کہ شہر میں مزید دو افراد جاں بحق بھی ہوگئے جن کی عمریں 52 اور 60 برس ہیں۔

اتوار کے روز بھی سندھ میں دو افراد جاں بحق ہوئے تھے جس کی صوبائی وزارت صحت کی ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں افراد نمونیہ اورکورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ جاں بحق دونوں افراد کراچی کے رہائشی ہیں، جن کی عمریں 83 اور 70 برس تھیں۔

صوبے میں اتوار کو 33 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 502 ہو گئی تھی۔

اسلام آباد

سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں مزید 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد اسلام آباد میں مریضوں کی تعداد 43 سے بڑھ کر 51 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی مزید 3 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 144 ہو گئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ افراد میں سے 4 ڈاکٹروں سمیت 10 افراد کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق اب تک 2 مریض مکمل صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے 5 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد وادی میں متاثرہ افراد کی تعداد 128 ہو گئی ہے۔

اتوار کو گلگت بلتستان میں وبا کے باعث محکمہ صحت کا ملازم جاں بحق ہو گیا تھا۔ 

ڈپٹی کمشنر نگر شاہ رخ چیمہ کے مطابق ضلع نگر میں محکمہ صحت کے ملازم کو 24 مارچ کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا جہاں وہ انتقال کر گیا۔

اس ہلاکت کے بعد گلگت بلتستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ خود بھی اسی مہلک وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔ گلگت میں اب تک 6 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں بھی آج تین نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 195 ہو گئی ہے۔ 

گزشتہ روز ایبٹ آباد میں ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی تھی جس کی تصدیق کمشنر ہزارہ نے کی تھی۔

کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام نے بتایا تھا کہ دو روز قبل ایبٹ آباد کے مقامی اسپتال میں داخل ہونے والے سردار الیاس خان انتقال کر گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار الیاس خان ایک ہفتہ قبل تبلیغی جماعت کےساتھ تھے، تبلیغی جماعت کے باقی 10 افراد کو مقامی ہوٹل میں قائم قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے سردار الیاس خان کے بھتیجے خالد سلیم کا کہنا تھا کہ دو دن سے گھروں میں ہیں لیکن انتظامیہ نےکورونا ٹیسٹ نہیں کرایا۔

اس ہلاکت کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی ہے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت نے بھی کر دی ہے۔

صوبے میں اتوار کے روز بھی 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس میں سے دو پشاورسے، ایک لوئر دیر سے جب کہ ایک کیس ایبٹ آباد سے سامنے آیا تھا۔

واضح رہےکہ کے پی کے میں اب تک مہلک وائرس کے 2 مریض صحت یاب ہوئے جنہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں بھی اتوار کو 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

آزادکشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے مزید 4 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آزادکشمیر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔

ڈاکٹر نجیب نقی کا کہنا ہے کہ دو مریضوں کا تعلق بھمبر اور دو کا میرپور سے ہے، میرپور میں بیرون ملک سے آئے متاثرہ شخص کے والدین میں بھی کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیر صحت آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ چاروں مریضوں کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کے روز میرپور آزاد کشمیر میں بیرون ملک سے آئے 37 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جسے قرنطینہ منں منتقل کر دیا گیا تھا۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا ساتواں روز

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد چاروں صوبے لاک ڈاؤن کا اعلان کر چکے ہیں جب کہ ملک بھر میں فوج تعینات ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی 24 مارچ سے 3 ہفتوں کا لاک ڈاون شروع ہو چکا ہے۔

مرکزی شاہراہیں اور موٹر ویز گڈز ٹرانسپورٹ کیلیے کھولنے کا اعلان

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کے لیے اقدامات اولین ترجیح ہیں اور اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملک کی تمام شاہراؤں اور موٹر ویز کو گڈز ٹرانسپورٹ کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

سندھ کے لاک ڈاؤن میں مزید سختی

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید 3 گھنٹے کی سختی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد شام 5 بجے سے صبح آٹھ 8 تک لاک ڈاؤن میں سختی ہو گی۔

سندھ اور پنجاب میں باجماعات نماز پر پابندی عائد

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سندھ حکومت نے صوبے بھر کی مساجد میں نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کر رکھی ہے جو 5 اپریل تک ہو گی۔

پنجاب حکومت نے بھی اس سلسلے میں ایک حکم نا مہ جاری کرتے ہوئے مساجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرتے ہوئے اجتماعات پر پابندی لگا دی۔

ملک بھر میں تمام مسافر ٹرینیں بند

وزارت ریلوے نے 24 مارچ کی رات 12 بجے سے ملک بھر میں ٹرین آپریشن معطل کر رکھا ہے جس کے تحت 31 مارچ تک مسافر ٹرینیں بند رہیں گی۔

حکومت کا معاشی پیکیج

کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے معاشی پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے جب کہ مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

علمائے کرام کی عوام کو توبہ استغفار کرنے کی تلقین

ملک کے جید علمائے کرام نے فتویٰ دیا ہے کہ وبا سے احتیاطی تدابیر کو اپنانا نبیﷺ کی سنّت ہے اور توبہ استغفار کے بغیر کورونا وائرس سے چھٹکارا ممکن نہیں۔

کورونا سے انتقال کرنیوالوں کو تابوت میں دفنانے کی ہدایت

خیبر پختونخوا کے محکمہ ریلیف و بحالی نے کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی تدفین سے متعلق گائیڈ لائنز جاری کی ہیں جس میں وائرس سے انتقال کرنے والوں کا غسل اور تدفین کرنے والوں کو ماسک، دستانے اور دیگر حفاظتی تدایبر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کو پلاسٹک کور میں بند کرکے تابوت میں دفن کیا جائے، غسل کے دوران استعمال ہونے والی اشیاء کو فوری تلف کیا جائے جب کہ قریبی رشتہ داروں کو میت تابوت کے گلاس پین ونڈو میں دیکھنے کی