|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2020

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 63 ہوگئی جب کہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4334 تک پہنچ گئی ہے۔

ملک بھر میں اب تک کورونا سے ہونے والی 63 ہلاکتوں میں سے سندھ اور خیبرپختونخوا میں 20،20 ، پنجاب 17 ، گلگت بلتستان 3 ، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

آج بروز جمعرات ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 137کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 2 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جو خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئی ہیں۔

آج اب تک پنجاب میں 80کیسز، خیبرپختونخوا 33 کیسز اور 2 ہلاکتیں، آزاد کشمیر 5 کیسز  جب کہ اسلام آباد میں 19 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں آج کورونا وائرس کے اب تک مزید 33 کیسز  اور 2 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کیسز کی تعداد 560 ہوگئی جب کہ شانگلہ اور کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے مریض کورونا سے انتقال کرگئے جس کے بعد کے پی میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ کورونا کے سب سے زیادہ 108 کیسز پشاور میں رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ صوبے میں اب تک 122 افراد کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں آج بروز جمعرات کورونا کے اب تک مزید 80 کیسز سامنے آچکے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2188 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 17 افراد کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کیسز کی تصدیق کی جس کے مطابق 58 قیدی، 695 زائرین، 756 عام شہری اور رائے ونڈ قرنطینہ میں کورونا کے 657 مریض ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا سے 17 اموات ہوئی ہیں جب کہ 35 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا کے مزید 19 کیسز سامنے آچکے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 102 ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں اب تک کورونا سے ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں آج کورونا وائرس کے مزید 5 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 33 ہوگئی ہے۔

وزیر صحت آزاد کشمیر کے مطابق عباس پور کے علاقے نمجر میں ایک اور پلندری میں 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  پلندری میں کورونا کے پہلے مریض کے 2 گھروالوں اور 2 دوستوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 24 مارچ سے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔

سندھ

سندھ میں بدھ کو کورونا کے مزید 50 کیسز سامنے آئے اور 2 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق صوبائی ترجمان مرتضیٰ وہاب نے کی۔

اس طرح صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 1036 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 20 تک جا پہنچی ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق صوبے میں مزید 11 افراد کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 280 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں بدھ کو کورونا کے مزید 8 کیسز سامنے آئے اور ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی جس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 212 اور ہلاکتیں 2 ہوگئی ہیں۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو علاج کے لیے آئسولیش وارڈز منتقل کیا جائے گا۔

لیاقت شاہوانی کے مطابق بلوچستان میں کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں بدھ کو صرف ایک کیس سامنے آیا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 213 تک جا پہنچی ہے۔

گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 96مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جب کہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

خیال رہےکہ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ بھی شامل ہیں۔