|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2020

ملک میں کورونا وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 440 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 19103 ہو گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 172 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 122 اور پنجاب میں 120 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 19، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج کے کیسز کی صورتحال

آج اب تک ملک بھر سے کورونا کے مزید 281 کیسز اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں ، پنجاب میں 252 کیسز اور 5 مزید افراد جاں بحق ہوئے ہیں جب کہ اسلام آباد میں 28 اور آزاد کشمیر میں ایک نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7102 اور ہلاکتیں 122 ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ 1341 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب سے آج اب تک کورونا کے مزید 252 کیسز اور 5 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

نئے کیسز اور ہلاکتیں سامنے آنے کے بعد صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7106 اور ہلاکتیں 120 تک پہنچ گئی ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2206 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں بھی آج کورونا وائرس کے مزید 28 کیسز سامنے آئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 393 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا حکومت میں ہفتے کو کورونا کے 108 نئے کیسز اور 11 اموات سامنے آئیں جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2907 اور اموات 172 تک پہنچ گئی ہیں۔

ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا سے 728 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی گزشتہ روز 36 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی اور 3 ہلاکتیں سامنے آئیں۔

ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1172 ہوگئی ہے جب کہ 19 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 183 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ہفتے کو کورونا کے 16 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد مجموعی تعداد 356 تک پہنچ گئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق اب تک 260 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں مزید ایک شخص میں کورونا وائرس پایا گیا ہے جس کے بعد علاقے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 67 ہو گئی ہے ، 23 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔