|

وقتِ اشاعت :   June 13 – 2020

 اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس کیسز میں ریکارڈ اضافہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 798 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سب سے زیادہ 29 ہزار 8 سو 50 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، اس طرح ملک بھر میں اب تک آٹھ لاکھ 39 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔
این سی او سی کے مطابق 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 6472 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 798 ہوگئی۔

پنجاب میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور مصدقہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، ملک کے سب سے بڑے صوبے میں کوویڈ 19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 50 ہزار 87 ہوگئی ہے۔ سندھ میں 49 ہزار 256، خیبرپختونخوا میں 16 ہزار 415، بلوچستان میں 7 ہزار 866، اسلام آباد میں 7 ہزار 163، آزادکشمیر میں 574 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 44 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا مزید 88 زندگیاں نگل گیا ہے، اس طرح ملک میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار551 ہوگئی ہے، پنجاب میں کورونا سے اموات کی تعداد 938 ہوگئی، اس کے علاوہ سندھ میں 793، خیبر پختونخوا میں 642، بلوچستان میں 80 ، اسلام آباد میں 71، آزاد کشمیر میں 11 اور گلگت بلتستان میں 16 مصدقہ مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

 

 

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں 9 ہزار276 بیڈز، 3 ہزار 500 آکسیجن اور 387 وینٹی لیٹر مختص ہیں جب کہ کورونا کے 233 مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔ سندھ میں 8 ہزار 274 بیڈز، 739 آکسیجن بیڈز، 368 وینٹی لیٹر دستیاب ہیں جب کہ کورونا کے 83 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

آزاد کشمیر میں کورونا مریضوں کے لیے 379 بیڈز، 68 آکسیجن بیڈز اور 43 وینٹی لیٹر دستیاب ہیں جب کہ کورونا کا کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں۔ اسی طرح گلگت بلتستان میں 151 بیڈز ، 43 آکسیجن بیڈز اور 28 وینٹی لیٹر دستیاب ہیں جب کہ کورونا کا ایک مریض وینٹی لیٹر پر ہے۔

خیبر پختونخوا کورونا کے مریضوں کے لیے 4 ہزار 856 بیڈز، ایک ہزار 81 آکسیجن بیڈز اور 340 وینٹی لیٹر مختص کئے گئے ہیں جب کہ کورونا کے 85 مریض وینٹی لیٹر پر موجود ہیں، اسلام آباد میں کورونا مریضوں کے لیے 514 بیڈز ، 262 آکسیجن بیڈز اور 90 وینٹی لیٹر دستیاب ہیں جب کہ کورونا کے 18 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں،بلوچستان میں کورونا مریضوں کے لیے 2 ہزار 148 بیڈز، 262 آکسیجن بیڈز ور 36 وینٹی لیٹر دستیاب ہیں جب کہ بلوچستان میں کورونا کا کوئی مریض تاحال وینٹی لیٹر پر نہیں۔