|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2020

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کہا ہے پا کستان پیپلز پا رٹی جمہوریت کی علمبردار جماعت ہے، ملک میں آئین اور جمہوریت کے لئے پی پی کے قائدین و کارکنوں کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں، 73کا آئین اور ملک میں جمہوری نظام پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی مرہون منت ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں پیپلزپارٹی نے دی ہے، پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹوسے لے کر محترمہ بے نظیر بھٹو تک پی پی کے قائدین اور بڑی تعدا دمیں کارکنوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے سمیت کوڑے کھائے۔

مگر کبھی بھی آئین و جمہوریت کی استحکام پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ آج ملک میں سلیکٹڈ حکمرانوں کی وجہ سے معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے تمام ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری اپنے عروج پر ہے آئے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کوئٹہ میں لوگ بنیادی حقوق کے حصول کے لئے احتجاج کرتے نظر آتے ہیں جو حکمرانوں کی نااہلی اور ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہاکہ آنے والا دور پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے مرکز سمیت بلوچستان و دیگر صوبوں میں پیپلزپارٹی کی ہی حکومت ہوگی۔ پیپلزپارٹی ہی عوام کی امیدوں کی آخری کرن ہے۔